• news

اسلام آ باد کہ ہرا کر پشاور مسلمل تیسری بار پی ایس ایل فائینل میں پہنچ گیا

لاہور (نمائندہ سپورٹس +سپورٹس رپورٹر)پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے دوسرے ایلیمنیٹر میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دیکر مسلسل تیسری بار فائنل میں جگہ بنالی۔215 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائٹیڈ کی ٹیم 9 وکٹوں پر 166 رنز بناسکی اور اسے 48 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائٹیڈکے کپتان محمد سمیع نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔پشاور زلمی کی جانب سے اننگز کا آغاز کامران اکمل اور امام الحق نے کیا۔ پہلی وکٹ 135 کے مجموعی سکور پر گری جب امام الحق 58 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔ کامران اکمل بھی 74 رنز بنا کر ڈیلپورٹ کا شکار بنے۔پشاور نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 214 رنز بنائے۔ پولارڈ نے 37 اور ڈیرن سیمی نے 30 رنز کی اننگز کھیلی۔ ڈیلپورٹ نے 2 اور شاداب خان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔پشاور زلمی کے 215 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز لیوک رونکی اور کیمرون ڈیلپورٹ نے کیا تاہم یونائیٹڈ کی پہلی وکٹ 24 رنز پر گری اور رونکی 17 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔الیکس ہیلز بھی ایک رن بناکر پویلین لوٹے جس کے بعد تیسری وکٹ پر ڈیلپورٹ اور والٹن نے مزاحمت کی کوشش کی لیکن 86 کے مجموعی سکور پر ڈیلپورٹ 28 رنز بناکر کیچ تھما بیٹھے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بناسکی اور اسے 48 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ والٹن 48، فہیم اشرف 31 رنز بناکر نمایاں رہے۔ حسن علی اور کرس جورڈن نے 3، 3 جبکہ تامل ملز، وہاب ریاض اور پولارڈ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ کامران اکمل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ زلمی ایلیمنیٹر میں جیت کے بعد مسلسل تیسری بار پی ایس ایل کے فائنل میں پہنچی ہے جہاں اس کا مقابلہ کل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن