بعض اینکرز کے ذریعے ہمارے خاندان کو بدنام کرنے والے ناکام ہوں گے: شجاعت
لاہور ( نیوز رپورٹر) ق لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ بعض اینکروں کے ذریعے جھوٹی داستانیں سنا کر ہمارے خاندان کو بدنام کرنے والے ناکام رہیں گے، ہم نے پی ٹی آئی سے انڈرسٹینڈنگ کے تحت وفاقی وزارت کیلئے مونس الٰہی کا نام دیا ہے، ہمارے بچوں میں پھوٹ ڈالنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی کیونکہ ان کی تربیت چودھری ظہورالٰہی شہید کے بنائے ہوئے اصولوں پر ہوتی ہے۔ میڈیا کی بعض بے بنیاد اطلاعات کے حوالے سے چودھری شجاعت حسین نے ایک بیان میں کہا کہ ہمارے خاندان کے خلاف پراپیگنڈہ میں وہ لوگ شامل ہیں جن کی یہ عادت بن چکی ہے کہ وہ بغیر کسی ثبوت کے ہمارے خاندان کو بدنام کرنے کی کوشش کرتے ہیں، ان میں بعض پنجاب کی چیف منسٹری کے بھی امیدوار ہیں، ہماری پی ٹی آئی سے انڈرسٹینڈنگ کے مطابق وفاق اور پنجاب میں دو، دو وزارتیں ملنا تھیں پنجاب میں تو دو وزارتیں مل گئی ہیں وفاق میں ابھی ایک باقی ہے جس کیلئے مونس الٰہی کا نام دیا ہے۔