بھارت نے دوستی کا ہاتھ قبول نہ کیا تو مْکا بھی بن سکتا ہے: اسد عمر
اسلام آباد (آن لائن + صباح نیوز) وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے قرض کی رقم ابھی طے نہیں ہوئی، آئی ایم ایف کا مشن چیف 26مارچ کو پاکستان پہنچ رہا ہے جبکہ ایف اے ٹی ایف کے ایشیا پیسفک گروپ کا وفد 26مارچ کو پاکستان پہنچے گا، اسلام آباد میں سفارتکاروں کے لئے منعقدہ کورس کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اسد عمر نے ایک سوال کے جواب میں بتایا پلوامہ حملے کا تلعق بھارت کی اندرونی سیاست سے ہے اور پاکستان بھارت کے ساتھ دوستی کا ہاتھ بڑھانا چاہتا ہے۔ بھارت کے ساتھ دوستی کا ہاتھ پیچھے نہیں کریں گے۔ اگر دوستی قبول نہ کی گئی تو یہ ہاتھ مکا بھی بن سکتا ہے۔ قبل ازیں تقریب سے خطاب میں وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کو دنیا سے جوڑنا چاہتے ہیں پاکستان دنیا کے ساتھ تجارتی تعلقات قائم کرنا چاہتا ہے، چین کے ساتھ لانگ ٹرم تجارتی تحلقات قائم کیے گئے ہیں۔ ترکی کے ساتھ ٹریڈ فریم ورک طے کیا گیا ہے۔ ایران کے ساتھ بدقسمتی سے تجارت نہیں بڑھ رہی جبکہ افغانستان کے ساتھ تعلقات بہتر ہو رہے ہیں۔ اسد عمر نے کہا پاکستان تمام ممالک کیساتھ امن چاہتا ہے، حالیہ بھارت کے حملے میں پاکستان نے ثابت کیا ہے کہ پاکستان اپنا دفاع کرنا جانتا ہے۔ وزیراعظم کہہ چکے ہیں، بھارت اگر ایک قدم آگے بڑھے گا تو پاکستان دو قدم آگے بڑھے گا، پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے۔ ہم افغانستان کے ساتھ امن چاہتے ہیں۔وزیر خزانہ اسد عمر نے اپنے بیان میں کہاہے کہ فروری میں کرنٹ خسارے میں 90 کروڑ ڈالر کی کمی ہوئی فروری میں کرنٹ اکائونٹ خسارہ پچھلے سال فروری کے مقابلے میں 72 فیصد کم رہا فروری میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ گزشتہ 29 ماہ میں سب سے کم ہے گزشتہ سال فروری میں برینٹ آئل کی قیمت 35 ڈالر فی بیرل تھی اس وقت برینٹ آئل کی قیمت 67 ڈالر فی بیرل ہے۔