ارکان اسمبلی کی تنخواہوں کے بل سے بے خبر تھا، ترمیم کی جارہی ہے: گورنر سرور
لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کرتار پور راہداری کو جلد آپریشنل کرنے پر پاکستان بھارت اتفاق کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کو سمجھ لینا چاہئے تنگ نظری اور ہٹ دھرمی سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ مذاکرات ہی مسائل کا بہترین حل ہے۔ پاکستان میں اقلیتوں کو جتنی آزادی ہے دنیا کے کسی اور ملک میں نہیں۔ مذہبی مقامات پر سیاحت کے فروغ کیلئے بھر پو راقدامات کئے جا رہے ہیں۔ بابا گورونانک کے 550 جنم دن کی تقریبات میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے شرکت کیلئے آنیوالے سکھ یاتریوں کو بہترین سہولتوں کے ساتھ فول پروف سکیورٹی بقینی بنایا جائیگا۔ وہ گورنر ہاؤس لاہور میں مذہبی سیاحت اور ورثہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود، صوبائی وزراء یاسر، سید سعید الحسن شاہ، مومن آغا سمیت دیگر بھی شریک ہوئے۔ اجلاس سے خطاب کے دوران گورنر پنجاب نے کہا کہ کرتار پور راہداری منصوبہ دنیا بھر کے سکھوں کیلئے پاکستان اور عمران خان کی جانب سے شاندار تحفہ ہے۔ علاوہ ازیں ایک فیسٹیول میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے چودھری محمد سرور نے کہا کہ ارکان اسمبلی کی تنخواہوں کے بل کے معاملے پر بے خبر تھا، میرے پاس نہیں پہنچا جب پہنچے گا تو اس پر غور کروں گا۔ لاہور میں فیسٹیول میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اراکان اسمبلی کی تنخواہوں کے بل کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان کی رائے آ چکی ہے، اب میرا کچھ کہنا مناسب نہیں۔ ارکان اسمبلی محترم ہیں معلوم ہوا ہے کہ بل میں ترمیم کی جا رہی ہے۔