• news

منی لانڈرنگ کیس کی اسلام آباد منتقلی، زرداری، فریال نے فیصلہ سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا

کراچی(سٹاف رپورٹر، نوائے وقت رپورٹ) سابق صدر آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور نے میگا منی لانڈرنگ کیس کی اسلام آباد منتقلی سے متعلق بینکنگ کورٹ کے فیصلے کوسندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔پیپلزپارٹی کے صدر آصف زرداری اور فریال تالپور بینکنگ کورٹ کے فیصلے کے خلاف درخواست دائر کرنے اپنے وکلا کے ہمراہ سندھ ہائیکورٹ پہنچے، اس موقع پر عدالت کے اطراف سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔آصف زرداری اور فریال تالپور نے اپنے وکلا کے ذریعے بینکنگ کورٹ کی جانب سے منی لانڈرنگ کیس کو اسلام آباد منتقل کرنے کے فیصلے کو عدالتِ عالیہ میں چیلنج کیا۔درخواست گزاروں کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ بینکنگ کورٹ کے مقدمہ منتقلی کے احکامات غیر قانونی ہیں۔درخواست گزاروں صدر کی جانب سے مقدمہ اسلام آباد منتقل کرنے کے حکم کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بینکنگ کورٹ نے میگا منی لانڈرنگ کیس کا مقدمہ کراچی سے اسلام آبادمنتقل کرنے کا حکم دیا تھا جس کے بعد نیب نے آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کو 20 مارچ کو طلب کیا ہے۔پیرکوآصف زرداری اور فریال تالپورحفاظتی ضمانت قبل ازوقت گرفتاری دائرکریں گے،آصف علی زرداری کی سندھ ہائی کورٹ آمد کے موقع پرآصف زرداری کے نجی سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے صحافیوں سے بدتمیزی کی گئی۔ قانونی ٹیم نے زرداری کو نیب میں پیش نہ ہونے کا مشورہ دے دیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق قانونی ٹیم نے آصف زرداری کو مشورہ دیا ہے کہ 20 مارچ کو نیب ٹیم کے سامنے پیش نہ ہوں، بلاول بھٹو کو بھی 20 مارچ کو نیب دفتر نہیں جانا چاہئے۔ نواز شریف بھی نیب کے نوٹس پر پیش نہیں ہوئے تھے۔ معاملہ عدالت میں ہے جس میں بے گناہی ثابت کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن