آشیانہ اقبال رمضان شوگر ملز کیسز: سماعت کارروائی 27 مارچ تک ملتوی، نوازشریف کو کچھ ہوا تو عمران ذمہ دار ہونگے: شہباز
لاہور (آن لائن) لاہور کی احتساب عدالت میں آشیانہ اقبال اور رمضان شوگر ملز کیسز کی سماعت بغیر کارروائی 27 مارچ تک ملتوی کر دی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا ہے کہ اگر نوازشریف کو کچھ ہوا تو ذمہ دار عمران خان نیازی ہوں گے۔ لاہور کی احتساب عدالت کے جج نجم الحسن بخاری کے رخصت پر ہونے کے باعث ڈیوٹی جج جواد الحسن نے کیس کی سماعت کی ۔ رمضان شوگرملز کیس میں حمزہ شہباز شریف کے تاخیر سے پیش ہونے پر عدالت نے ناگواری کا اظہار کیا اور آئندہ سماعت پر بروقت عدالت میں پیش ہونے کی ہدائت کی، شہباز شریف کے وکیل نے رمضان شوگر ملزکیس میں فرد جرم کی کارروائی سے قبل دستاویزات کو ریکارڈ کا حصہ بنانے کی درخواست دی، جس پر عدالت نے نیب کو نوٹس جاری کردئیے، عدالت نے دونوں کیسز کی سماعت بغیر کارروائی 27 مارچ تک ملتوی کر دی، سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کی سنگین غفلت ہے کہ نوازشریف کو علاج کی سہولت نہیں دے رہی، اگر نوازشریف کو کچھ ہوا تو ذمہ دار عمران خان اور ان کی حکومت ہو گی . انہوں نے کہا کہ میں نے دس سالوں میں سرکاری مراعات لیں نہ سرکاری دورے کیے خرچہ خود اٹھایا،اپنے علاج پر اٹھنے والے تمام اخراجات خود برداشت کیے ، گزشتہ دس سالوں میں سرکار کا ایک دھیلہ بھی استعمال نہیں کیا،اس موقع پر حمزہ شہباز نے اراکین اسمبلی کی تنخواہیں بڑھانے پر شدید ردعمل دیا، انہوں نے کہاحکومت کے پاس بجلی اور گیس کے لیے پیسے نہیں اور تنخواہیں بڑھا رہی یے، میں اراکین اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کے خلاف ہوں۔ دریں اثناء شہباز شریف سمیت دیگر پارٹی رہنمائوں نے کیمپ جیل میں خواجہ برادران اور حنیف عباسی سے ملاقات کی ، اس موقع پر مجموعی سیاسی صورتحال ، کیسز پر تبادلہ خیال کیا ، خواجہ برادران ، حنیف عباسی نے شہباز شریف سے نواز شریف کی صحت بارے میں دریافت کیا،رہنمائوں نے خواجہ برادران اور حنیف عباسی سے ان کی صحت کے بارے پوچھا جبکہ ان کا حوصلہ بڑھایا، خواجہ برادران کے اہل خانہ نے بھی ان سے جیل میں تفصیلی ملاقات کی ، شہباز شریف نے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے خلاف بے بنیاد مقدما بنائے گئے جو ایک ایک کرکے جھوٹ ثابت ہو رہے ہیں ۔