• news

نیوزی لینڈ حملہ انسانت کیخلاف ماضی کی حکومتوں نے خواتین کو حقوق دینے کیلئے کچھ نہیں کیا: عثمان بزدار

لاہور(نیوزرپورٹر)وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں مساجد پر حملہ انسانیت پر حملہ ہے۔ دہشت گرد نے معصوم نمازیوں کو نشانہ بنا کر بدترین سفاکیت اور درندگی کا مظاہرہ کیا۔اس المناک واقعے پراپنے جذبات اور احساسات کو بیان کرنے کیلئے الفاظ نہیں ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے مساجد میں فائرنگ کے واقعات میں 2پاکستانیوں سمیت دیگر افراد کی شہادت پردکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدارسے وفاقی پارلیمانی سیکرٹری عندلیب عباس نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی خواتین کو ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں کیونکہ پاکستان کی آدھی آبادی خواتین پر مشتمل ہے اور خواتین کی عملی میدان میں شمولیت سے ہی ترقی کے اہداف حاصل کرسکتے ہیں۔ ملک کی اقتصادی و سماجی ترقی کیلئے خواتین کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ ماضی کی حکومتوں نے خواتین کو بنیادی حقوق دینے کیلئے کوئی ٹھوس اقدام نہیں اٹھایا لیکن وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت نے خواتین کو قومی دھارے میں شامل کیا ہے۔ خواتین کو بااختیار بنانے کی ذمہ داری بطریق احسن ادا کریں گے اور خواتین کو عملی میدان میں آگے بڑھنے کیلئے برابری کے مواقع د ے کر انہیں بااختیار بنائیں گے۔نئے پاکستان میں خواتین کوبااختیار بنانے کیلئے انقلابی نوعیت کے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے اقتدار میں آنے کے بعد اقوام عالم میں پاکستان کے امیج میں بہتری آئی ہے۔ عثمان بزدار نے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ثناء اللہ مستی خیل کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ چنیوٹ کے تھانہ سٹی کی حدود میں بچوں سمیت بیوی کو قتل کرنے کے بارے میں میڈیا پر نشر ہونے والی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او فیصل آباد سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے وزیراعلیٰ نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ انکوائری کرکے حقائق سامنے لائے جائیں اور قانونی کارروائی کی جائے۔عثمان بزدار نے ڈیرہ غازی خان کے علاقے میں زندہ پیر مزار جانے والے عقیدت مندوں کی ٹریکٹر ٹرالی کو پیش آنے والے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن