اسد منیر کی خودکشی پر چیئرمین نیب مستعفی ہوں معاملہ پارلیمنٹ میں اٹھائیں گے: فرحت اللہ بابر
اسلام آباد(صباح نیوز) رہنما پاکستان پیپلز پارٹی فرحت اللہ بابر نے چیئرمین نیب سے استعفے کا مطالبہ کر دیا۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نیب کے ہتھکنڈوں سے ایک ریٹائرڈ بریگیڈئر نے تنگ آ کر خود کشی کر لی، اس کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئے چیئرمین نیب اس واقع کی تحقیقات مکمل ہونے تک اپنے عہدے سے استعفی دے دیں۔انہوں نے کہا متحدہ عرب امارات نے پاکستان کو 2 ارب ڈالر کا تیل دینے کا وعدہ کیا تھا اب کیوں اپنے وعدے سے پیچے ہٹ گیا ہے اس کی وجوہات بتائی جائیں ۔ان کا کہنا تھا کہ نیب کی جانب سے بلاول بھٹو اور آصف علی زرداری کو کیس منتقلی سے متعلق کوئی نوٹس نہیں ملا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ نیب کے قوانین ترامیم سے متعلق اپوزیشن جماعتوں میں بات چیت چل رہی ہے۔فرحت اللہ بابر نے کہا کہ موجودہ حکومت نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کرانے میں مکمل فیل ہو گئی ہے، ایک طرف یہ لوگ کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی کرتے ہیں تو دوسری طرف یہ لوگ چین سے مولانا مسعود اظہر کو بچانے کے لئے بات کرتے ہیں۔