عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے کوششیں جاری ہیں: عارف علوی
کراچی(وقائع نگار، نیوز رپورٹر) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے گورنر ہائوس کراچی میں جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے ملاقات کی جس میں کراچی کے ترقیاتی منصوبوں سمیت ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی اور سانحہ نیوزی لینڈ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ سندھ اسمبلی کے معاملے پر کوئی بات نہیں ہوئی۔ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے حوالے سے صدر مملکت نے بتایا ہے کہ ان کی رہائی کے سلسلے میں کوششیں جاری ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں وفد نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے گورنر ہاؤس کراچی میں ملاقات کی۔ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی ، شہر میں پانی ، بجلی اور ٹرانسپورٹ سمیت مختلف بلدیاتی مسائل و ترقیاتی منصوبوں، امن و امان کی صورتحال ،نیوزی لینڈ کے سانحے اور دیگر امورپر تبادلۂ خیال کیا گیا، حافظ نعیم الرحمن نے کہا یورپ نیوزی لینڈ میں دہشت گردی کو صرف ایک واقعہ کا رنگ دے رہا ہے، اگر کوئی مسلمان ایسے واقعہ میں ملوث ہوتا تو دنیا میں شور مچ جاتا اور اس کو جواز بنا کر مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ دیئے جاتے اور انہیں دہشت گرد قرار دے کرمیڈیا وار شروع کر دی جاتی ، حکومت پاکستان اور دنیا دہشت گردی کی تعریف کو واضح کرے ۔سپیکر قومی اسمبلی اور پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کے کامیاب خارجہ پالیسی کے سبب امریکہ میں قید پاکستانی عافیہ صدیقی رہا ہو جائے گی۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ہفتہ کی شام آٹھ کروڑ روپے کی لاگت سے ٹوپی میں جنرل بس اسٹینڈ کی افتتاحی تقریب اور بعد ازاں صوابی الیکٹرانک میڈیا ایسو سی ایشن سے غیر رسمی گفتگو کر تے ہوئے سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ نیوزی لینڈ میں مسجد وں پر دہشت گرد حملے کے نتیجے میں 49مسلمانوں کی شہادت ، کئی زخمی اور لاپتہ ہونے کا واقعہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔