اگلے الیکشن میں بلاول بھٹو ملک کے وزیراعظم ہوں گے : مراد علی شاہ
کراچی(آئی این پی) وزیر اعلیٰ سندھ نے سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کے مخالفین ان سے خوفزدہ ہیں،اگلے الیکشن میں بلاول بھٹو ملک کے وزیراعظم ہوں گے۔ و ہ ہفتہ کو میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ اگلے الیکشن میں بلاول بھٹو ملک کے وزیر اعظم ہوں گے، ان کی قیادت میں ملک ترقی کرے گا۔انھوں نے مزید کہا کہ جب سے ملک بنا ہے، سندھ کو پہلی مرتبہ کم حصہ مل رہا ہے، ہمیں 120 بلین روپے کم ملے ہیں، صرف پیسے ہی کم نہیں ملے، بلکہ پانی بھی کم مل رہا ہے۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ جنگیں فوج نہیں قومیں لڑتی ہیں، پی پی پی قیادت میں قوم متحد ہوئی، چند دن پہلے جنگ کی کیفیت کا کچھ ماحول تھا، آصف زرداری، بلاول بھٹو کی کوششیں تھیں، جو ملکی قیادت متحد تھی۔یاد رہے کہ گزشتہ دنوں قومی اسمبلی میں بلاول بھٹو اور اسد عمر کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا تھا، جس کے بعد دورہ تھر میں وزیر اعظم عمران خان نے بلاول بھٹو زرداری کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا. انھوں نے بلاول بھٹو کے انگریزی میں تقریر کرنے کے عمل کو بھی آڑے ہاتھ لیا۔