دہشتگر نے کارروائی سے 9 منٹ قبل ای میل کی، وزیراعظم نیوزی لینڈ: حملہ ایک ہی تھا: پولیس تفشیش
ولنگٹن، لندن، پیرس (نیوز ایجنسیاں) نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرائسٹ چرچ مساجد پر حملے سے 9منٹ قبل انٹیلی جنس ایجنسیوں کو پیشگی اطلاع مل گئی تھی لیکن پولیس کے پہنچنے سے پہلے ہی حملہ آور مسجد پہنچ چکا تھا۔ خبر رساں ادارے کے مطابق نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ مسلم ممالک کی جانب سے اظہار یکجہتی کے پیغامات کو سراہتے ہیں۔ لاپتہ افراد اور زخمیوں کی شناخت کا کام جاری ہے، جبکہ اس معاملے پر آسٹریلیا کیساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم نیوزی لینڈ نے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ حملے سے 9 منٹ پہلے ملزم نے ای میل کر دی تھی تاہم پولیس کی جانب سے حملہ روکنے سے پہلے ہی حملہ آور مسجد پہنچ چکا تھا۔ جیسنڈا آرڈرن نے کہا مستقبل میں کرائسٹ چرچ جیسے واقعات کی روک تھام کے لیے منصوبہ بندی کر رہے ہیں، ملک میں اسلحہ رکھنے کے قوانین میں بھی ترمیم کی جائیگی۔ مسجد پر حملہ کرنے والے کو قانون کے مطابق سزا ملے گی۔ نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم نے مسجد النور کا دورہ کیا اور مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے مسجد میں پھول رکھے۔ اس کے علاوہ انہوں نے متاثرین سے ملاقات بھی کی۔ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے کہا کہ اگر ان دستاویزات میں تفصیل ہوتی تو اس کے مطابق فوری کارروائی کی جاتی لیکن بدقسمتی سے اس ای میل میں اس طرح کی کوئی تفصیلات نہیں تھیں، دہشت گرد کی جانب سے بھیجی گئیں دستاویزات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اس حملے کے لئے دہشت گردانہ خیالات کے ساتھ یہ ایک نظریاتی مینی فیسٹو تھا جو خطرناک تھا۔ دوسری طرف آسٹریلوی دہشت گرد کی جانب سے لندن کے میئر صادق خان کو دھمکی سامنے آنے پر برطانوی حکام نے ملزم کے برطانوی انتہا پسندوں سے تعلق کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، تحقیقات برطانوی خفیہ ایجنسی ایم آئی فائیو کررہی ہے۔کیوی میڈیا کے مطابق مساجد پر حملہ کرنے والے دہشت گرد نے منشور میں لندن کے میئر صادق خان کو دھمکی دی ہے اور برطانیہ میں دہشت گرد حملوں کی بات کی گئی ہے۔ 2 ماہ کے دورہ یورپ کے دوران آسٹریلوی دہشت گرد برطانیہ بھی آیا تھا اور2017ء میں 15روز تک برطانیہ میں قیام کیا تھا۔ دوسری جانب فرانس کی خفیہ ایجنسیوں نے بھی آسٹریلوی دہشت گرد کے فرانسیسی انتہاپسندوں سے تعلق کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ دہشت گرد نے صدارتی انتخابات کے موقع پر فرانس کا بھی دورہ کیا تھا۔ کیوی حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے سلسلے میں وہ کئی دیگر ممالک سے بھی رابطے میں ہیں۔ نیوزی لینڈ کی پولیس نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ کرائسٹ چرچ میں دو مساجد پر حملے کا مجرم برینٹن ٹیرنٹ اکیلا ہی تھا ۔ ادھر وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے کہا ہے کہ ہلاک شدگان کی تدفین کے لیے حکومت امداد فراہم کرے گی اور لواحقین کو زرتلافی بھی ادا کیا جائے گا۔ پولیس کمشنر مائیک بش نے اتوار کو میڈیا کو بتایا کہ ابتدائی چھان بین سے واضح ہوا ہے کہ یہ ایک ہی حملہ آور کی کارروائی تھی تاہم دیگر امکانات کو رد نہیں کیا جا رہا۔