2025 تک پاکستان بھارت کا حصہ بن جائے گا: انتہاپسند ہندو تنظیم کے لیڈر کی بڑ
نئی دلی(نیٹ نیوز) ہندو انتہا پسند جماعت آر ایس ایس کے سینیئر رہنما نے کہا ہے کہ 2025 تک پاکستان بھارت کا حصہ بن جائے گا۔ جبکہ بنگلا دیش اور نیپال بھی اکھنڈ بھارت کا حصہ ہوں گے۔ بھارت میں اگلے ماہ سے ہونے والے انتخابات کے لیے ہندو رہنمائوں کے درمیان بے پر کی اڑانے اور کبھی نہ حاصل ہونے والے بلند و بانگ دعووں پر ایک دوسرے سے سبقت لے جانے کی جنگ جاری ہے۔ ایسی ڈرامہ بازیوں کے درمیان ہندو انتہا پسند جماعت راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کیسے پیچھے رہ سکتی ہے۔ آر ایس ایس کے سینیئر رہنما اندریش کمار نے بڑھکیں مارنے میں مودی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے کہا ہے کہ ‘ آپ لکھ لیجیے، 5 یا 7 سال بعد کراچی، لاہور، راولپنڈی اور سیالکوٹ میں کہیں بھی مکان خرید سکیں گے اور آپ کو تجارت کا بھی موقع حاصل ہوگا۔ ’اندریش کمار نے دیوانے کی بڑ کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے مزید کہا کہ 1947 سے پہلے پاکستان نہیں تھا بلکہ بھارت کا حصہ تھا، آر ایس ایس ان ممالک کو وسیع تر ہندوتوا کے پروجیکٹ کے حصے کے طور پر دیکھتی ہے جہاں مسلمان دوسرے درجے کے شہری کی حیثیت سے مقیم ہوں گے۔ بھارت میں انتخابی مہم کے دوران مسلمان مخالف جذبات بھڑکانے اور اپنی عوام کو جھوٹی تسلیاں دینے کے سوا کچھ نہیں بچا ہے۔ نفرت اور تعصب کی مجسم تصویر بنے ہندو رہنما اپنی زبانوں سے وہ زہر اگل رہے ہیں جس سے خود ان کا دامن محفوظ نہیں رہے گا اور ایسے دعوے کر رہے ہیں جن کا پورا ہونے کا خود انہیں یقین نہیں۔