سانحہ نیوزی لینڈ: قومی پرچم آج سرنگوں رہے گا، وزیراعظم کا نعیم رشید کیلئے ایوارڈ کا اعلان
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+این این آئی)وزیراعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ میں مساجد میں حملہ آور کو روکنے کی کوشش کے دوران شہید ہونے والے پاکستانی شہری نعیم رشید کیلئے قومی ایوارڈ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید نعیم رشید کی ہمت اور حوصلے پرقومی ایوارڈ دیا جائیگا، متاثرین کے خاندان کی مدد کیلئے تیار ہیں۔ اتوار کو ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم کرائسٹ چرچ دہشت گرد حملے کی زد میں آنے والے پاکستانیوں کے اہل خانہ کو مکمل معاونت فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کو میاں نعیم رشید پر فخر ہے جنہوں نے نیوزی لینڈ میں سفید فام دہشت گرد پر قابو پانے کی کوشش میں جام شہادت نوش کیا، انکے حوصلے کو قومی انعام کے ساتھ یادگار بنایا جائیگا۔ یاد رہے کہ نیوزی لینڈ میں مسجد پر حملہ کرنے والے کو پکڑنے کی کوشش کرنے والے پروفیسر نعیم رشید کا تعلق ایبٹ آباد کے علاقے جناح آباد سے تھا۔ نعیم رشید نے آرمی برن ہال کالج سے تعلیم حاصل کی اور پھر اعلی تعلیم کے لیے نیوزی لینڈ گئے جہاں تعلیم مکمل کرنے کے بعد کرائسٹ چرچ میں ہی شعبہ تدریس سے وابستہ ہوگئے۔ نعیم رشید کی اہلیہ عنبرین نے خلیج ٹائمز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے شوہر اور بیٹا ہیرو ہیں، وہ ہمیشہ لوگوں کی مدد کرتے تھے اور یہاں تک کہ آخری وقت میں بھی انہوں نے لوگوں کی بچانے کی کوشش کی۔ ادھر نیوزی لینڈ میں مزید 3 پاکستانیوں کے شہید ہونے کی تصدیق ہو گئی۔ اس طرح شہداء پاکستانیوںکی تعداد 9 ہو گئی ہے۔
اسلام آباد، غزہ(سٹاف رپورٹر+ایجنسیاں، نوائے وقت رپورٹ) حکومت پاکستان نے سانحہ نیوزی لینڈ پر آج پیرکو قومی پرچم سرنگوں رکھنے کا فیصلہ کر لیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ واقعے پر پوری قوم سوگوار ہے۔ او آئی سی وزراء خارجہ کا ہنگامی اجلاس 22 مارچ کو استنبول میں طلب کر لیاگیا ہے، کرائسٹ چرچ واقعے کو مدنظر رکھتے ہوئے مسلم امہ کو متحد کریں گے، نعیم رشید نے اپنی جان پر کھیل کر کئی جانیں بچائیں، انہیں 23مارچ کو قومی اعزاز دیا جائے گا، 28مارچ کو پارلیمانی لیڈرز سے ملاقات کروں گا، قومی سلامتی کے معاملے پر تمام پارلیمانی لیڈرز کو اعتماد میں لیں گے اور خط لکھیں گے۔ شہباز شریف اور آصف علی زرداری سے فون پر بات ہوئی ہے انہوں نے مثبت جواب دیا ہے۔ اتوار کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نیوزی لینڈ واقعہ میں 50قیمتی جانیں ضائع ہوئیں‘ ایک زخمی پاکستانی ہسپتال میں زیر علاج ہے۔ نیوزی لینڈ میں سفارت خانہ متاثرہ پاکستانیوں سے رابطے میں ہے جبکہ نیوزی لینڈ کے وزیر خارجہ سے ٹیلی فون پر بات چیت ہوئی ہے۔ نیوزی لینڈ کے وزیر خارجہ نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مساجد پر فائرنگ کرنے والے ملزم کا تعلق آسٹریلیا سے ہے۔ مساجد میں فائرنگ کے واقعات چھتیس منٹ کے دوران رونما ہوئے جاں بحق ہونے والے تمام افراد کی شناخت ہوچکی ہے۔ جاں بحق افراد کی میتیں آج پیر کو ورثاء کے حوالے کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ مساجد میں عبادت میں مصروف معصوم لوگوں کو نشانہ بنایا گیا۔ نعیم رشید نے اپنی جان پر کھیل کر کئی جانیں بچائیں انہیں 23مارچ کو قومی اعزاز دیا جائے گا۔ ترک وزیر خارجہ سے بھی ٹیلی فون پر بات چیت ہوئی ہے۔ او آئی سی وزراء خارجہ کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے او آئی سی وزراء خارجہ کا ہنگامی اجلاس بائیس مارچ کو استنبول میں ہوگا۔ کرائسٹ چرچ واقعے کو مدنظر رکھتے ہوئے مسلم امہ کو متحد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ وہ پاکستان کا انمول دوست ہے۔ قومی سلامتی کے معاملات پر تمام سیاسی جماعتیں متحد ہیں۔ 28مارچ شام چار بجے پارلیمنٹ ہائوس میں پارلیمانی لیڈرز سے ملاقات کروں گا۔شاہ محمود نے کہا کہ پاکستان شہداء کے اہلخانہ میتوں سے متعلق جو فیصلہ کریں گے اس کا احترام کریں گے، 6 میتوں کے کفن دفن کا انتظام کرائسٹ چرچ میں ہی ہو گا، 3 میتیں پاکستان لائی جائیں گی، اگر اہلخانہ نے فیصلے پر نظرثانی کی تو ہم تعاون کریں گے۔وزیر خارجہ نے بتایا کہ ان کے کیوی ہم منصب نے بتایا کے 4 افراد زیرحراست ہیں، لیکن نیوزی لینڈ کے حکام کی جانب سے ایک ہی شخص کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ کرائسٹ چرچ میں مساجد پر حملہ کرنے والا دہشت گرد حال ہی میں نیوزی لینڈ واپس آیا تھا، دہشت گردی کے اس واقع سے پہلے اس نے ای میل بھی کی۔ نعیم رشید شہید کی والدہ کو نیوزی لینڈ کا ویزا جاری کردیا گیا۔ وہ نعیم رشید شہید کی تدفین میں شرکت کریں گی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ نعیم رشید شہید کی والدہ نے تدفین میں شرکت کی خواہش ظاہر کی تھی۔ دریں اثناء نیوزی لینڈ میں نمازیوں کے وحشیانہ قتل عام کے بعد پورے عالم اسلام میں سخت غم وغصے کی فضاء پائی جا رہی ہے۔ فلسطین سمیت دنیا بھر مسلمانوں نے نیوزی لینڈ میں شہید ہونے والے مسلمانوں کی نماز جنازہ ادا کی۔پورے عالم اسلام میں علماء اور مساجد کے آئمہ کرام نے شہداء نیوزی لینڈ کی غائبانہ نماز جنازہ اور ان کی روح کے لیے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی کی اپیل کی ہے۔پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے نیوزی لینڈ میں پاکستانیوں کی شہادت کے واقعہ پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ نیوزی لینڈ کے شہداء کے دکھ میں برابر کا شریک ہوں۔ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ شہیدوں کے ورثاء کا درد بخوبی سمجھتا ہوں۔ اس سوچ کو شکست دینا ہوگی جو دہشت گردی کی بنیاد ہے ۔ہر طرح کی شدت پسندی دہشت گردی کی بنیاد ہے۔نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کا کردار قابل تعریف ہے۔ مزیدبراں نیوزی لینڈ کے شہر ڈیونیڈن کے ایئرپورٹ کی ایئر فیلڈ سے مشکوک پیکٹ برآمد ہونے کے بعد پولیس نے ایئرپورٹ بند کردیا۔ ڈیونیڈن ایئرپورٹ کے جاری کردہ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مشکوک پیکٹ کی نوعیت جاننے کیلئے خصوصی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں