• news

جمہوریت کے نام پر آمریت‘ چاہتے ہیں بیٹھ کر قانون سازی کریں: خورشید شاہ

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے شیخ رشید کو کوئی جواب نہیں دوں گا‘ انہیں کوئی جواب دوں گا تو ان کی اہمیت بڑھ جائے گی۔ انہوں نے کہا حکومت نام لے کہ کس نے این آر او مانگا ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ لگتا ہے کہ ملک میں کوئی جمہوریت نہیں جس کو چاہو پکڑو بعد میں پوچھا جائے گا۔ ملک میں جمہوریت کے نام پر آمریت ہے‘ مہنگائی کا عذاب ہے۔ خورشید شاہ نے کہا چاہتے ہیں کہ بیٹھ کر بات کریں‘ قانون سازی کریں‘ اب یہ ہو رہا ہے کہ کیس بناؤ‘ گرفتار کرو پھر دیکھا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا قانون کسی پارٹی کے لئے نہیں ملک کے لئے ہوتا ہے۔ حکومت نے ایک کروڑ نوکریوں‘ 50 لاکھ گھروں کی بات کی تھی مگر کوئی پلاننگ نظر نہیں آ رہی ہے۔ عمران خان پہلے وزیراعظم ہیں جو آئی ایم ایف کے پاس خود چل کر گئے ہیں۔ سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید خورشید احمد شاہ نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کے نصیب میں ہی پنڈی ہے، ہماری تو مقتل گاہ پنڈی ہے، کبھی شہید کر کے بھیج دیتے ہیں، کبھی پھانسی پر لٹکا کر بھیج دیتے ہیں، کبھی کیسوں میں وہاں بھیجتے ہیں، کبھی بی بی کو پنڈی کی عدالت سے سزا دلوا دیتے ہیں کہ سات سال کم سزا ہے زیادہ سزا دو، یہ سارے کارنامے پنڈی میں ہوتے ہیں۔ اس وقت ملک میں مہنگائی کا عذاب ہے۔حکومت نے ایک کروڑ نوکریوں کی بات کی، کسی کو کوئی منصوبہ بندی نظر آئی ہے، سات ماہ ہو گئے 50لاکھ گھروں کی بات کی ہے، کچھ نظر آتا ہے، ہاں مزدور بے روز گار، نوجوان بے روزگار، کوئی چیز نہیں ملتی، نوکریوں پر پابندیاں، پھر سیاستدان کیا کریں، جو آدمی کہتا تھا کہ آئی ایم ایف کے پاس جانے کی بجائے خودکشی کرلوں گا وہ آدمی پاکستان کی 70سالہ تاریخ میں پہلا وزیر اعظم ہے جو خود آئی ایم ایف کے پاس گیا ہے۔ ایم کیو ایم والے مجبور ہیں، بے چارے بے بس ہیں، آج کل وہ بہت کمزور ہیں ، وہ حکومت کے ساتھ ہیں، جو حکومت آتی ہے اس کے ساتھ کھڑے ہو جاتے ہیں، شریف لوگ ہیں۔ مجھے خوشی ہے کہ شاہ محمود قریشی کو بہت اہمیت دی جا رہی ہے۔ انشاء اللہ تعالیٰ اچھی خبر ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری کی کیا ساکھ ہے وہ پہلے بھی کہتے رہے کہ اپوزیشن والے این آر او مانگ رہے ہیں، ہم کہہ، کہہ کر تھک گئے کہ اسمبلی کے فلور پر آکر کسی ایک شخص کا نام لے دیں جس نے این آر او مانگا ہے۔ فواد چوہدری کے پاس اور کوئی بات کرنے کو نہیں ہے اس لئے ایسی باتیں کر رہے ہیں۔ خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ وفاق نے سندھ کے 120ارب روپے روکے ہوئے ہیں، دوسرے صوبوں کے بھی روکے ہوں گے مگر اتنے نہیں ہوں گے۔

ای پیپر-دی نیشن