• news

شہروں اور دیہات میں مستقل صفائی کا پائیدار نظام لائیں گے: عثمان بزدار

لاہور ( نیوز رپورٹر)وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے تحت شہروں اور دیہات میں مستقل صفائی کا پائیدار نظام لائیں گے۔ کلین اینڈ گرین پاکستان مہم نئی نسلوں کو صاف ستھرا اور آلودگی سے پاک ماحول دینے کی جانب پی ٹی آئی حکومت کا احسن اقدام ہے۔ ہفتہ صفائی کے آغاز کے موقع پر پیغام میں کہا کہ کلین اینڈ گرین پاکستان عمران خان کے انقلابی وژن کا مظہر ہے۔ پنجاب میں 7 روزہ کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کی کامیابی کیلئے تمام طبقات کو کردار ادا کرنا ہے۔ ہسپتالوں اور طبی مراکز میں بھی ہفتہ صفائی منانا خوش آئند ہے۔ پہلے مرحلے میں 107 یونین کونسلوں کی ایک ہزار دیہی آبادیوں میں کلین اینڈ گرین پاکستان مہم شروع کی گئی ہے جبکہ محکمہ جنگلات کے زیراہتمام تمام اضلاع میں شجرکاری کی جائے گی، میٹرو پولیٹن کارپوریشن، میونسپل کارپوریشن اور دیہی یونین کونسلوں میں 10 لاکھ سے زائد پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ عثمان بزدار نے پاکستان سپر لیگ فور کے کامیاب انعقاد پر پوری قوم کو مبارکباد دی ہے۔انہوں کہا ہے کہ فائنل میچ کے کامیاب انعقاد سے پرامن پاکستان جیت گیا اور امن دشمن ہار گئے۔ قومی ایونٹ کو کامیاب بنانے میں پاک فوج، رینجرز ،پولیس، سکیورٹی اداروں اور متعلقہ محکموں کی کاوشیں لائق تحسین رہیں۔تمام اداروں کی دن رات کی محنت کا نتیجہ ہے کہ میگا ایونٹ کامیابی سے ہمکنار ہوا۔ نئی تاریخ رقم ہوئی ہے اور امن دشمنوں پرواضح ہو گیا ہے کہ پاکستان کی بہادر قوم کا عزم زیادہ مضبوط ہے اور دشمن انہیں خوفزدہ نہیں کرسکتا۔ محب وطن پاکستانیوں کا جوش و خروش اور جذبہ لائق تحسین ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ فائنل میچ کے کامیاب انعقاد نے قوم کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیر دی ہیں اور امید ہے کہ اب پاکستان میں برسوں سے ویران پڑے سٹیڈیمز کی رونقیں بحال ہوں گی۔ وزیراعلیٰ نے اٹک میں 2 ڈاکٹروں کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او راولپنڈی سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن