• news

وزیر اعظم سے وفد کی ملاقات: پاکستان کی مالی معاونت، ملکر کام کرینگے: ورلڈ بنک

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی، نوائے وقت رپورٹ، ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے عالمی بینک کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر امریکہ میں ورلڈ بنک کے نمائندے اور پاکستانی ٹیم کے سربراہ بھی موجود تھے ۔ورلڈبینک کے وفد نے حکومت پاکستان کی موجودہ معاشی صورتحال پراعتماد کا اظہار کیا عالمی بینک کے وفد نے ملک میں جاری منصوبوں میں مالی معاونت کی یقین دہانی کرائی عالمی بنک کے وفد نے وزیراعظم کو یقین دلایاکہ عالمی بینک منصوبوں کی تکمیل میں فنڈز کی کمی نہیں آنے دے گا مختلف منصوبوں میں پاکستان کیساتھ مل کر کام کریں گے۔ وزیراعظم نے عالمی بینک کے وفد کی پیشکش کا خیر مقدم کیا وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاری کیلئے آئیڈیل بھی رہا ہے۔علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ملاقات کی۔ پنجاب میں سیاسی، مجوزہ بلدیاتی نظام اور حکومتی امور پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنی تنخواہ، مراعات کے فیصلے پر وضاحت پیش کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے تنخواہ مراعات میں اضافہ واپس کرنے کی تفصیلات بھی دیں۔ وزیراعظم اور عثمان بزدار کی ملاقات میں نوازشریف کے علاج سے متعلق ن لیگ کے مطالبات پر بھی گفتگو ہوئی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے وزیراعلیٰ کی تاحیات مراعات میں اضافے پر ناگواری کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے وزیراعلیٰ کو کفایت شعاری اپنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے گورننس نظام بھی بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے انتظامی معاملات میں بعض پارٹی رہنمائوں کی مداخلت کا شکوہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مداخلت سے فیصلوں پر عملدرآمد میں مشکلات ہوتی ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ گورننس بہتر بنانے کیلئے پارٹی منشور پر عملدرآمد کریں۔ بطور وزیراعلیٰ انتظامی معاملات اپنے ہاتھ میں رکھیں۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے کہا ہے کہ اپنے وعدے کی تکمیل کرتے ہوئے سابقہ قبائلی علاقہ جات میں دس سالہ ترقیاتی پروگرام کے لئے تین ہفتوں کا مشاورتی عمل شروع کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقہ جات سے تعلق رکھنے والے ہمارے لوگ بے مثال ترقی دیکھیں گے۔ ایک دوسرے ٹویٹ میں کہا کہ قابل دید اور کامیاب پی ایس ایل کے انقعاد پاکستان کرکٹ بورڈ اور سکیورٹی اداروں اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے منیجر اور میرے دوست ویون رچرڈ کو جیت مبارک ہو۔ ان شاء اللہ اگلے پی ایس ایل کا انعقاد مکمل طور پر پاکستان میں ہوگا۔ دریں اثناء وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت گرین لائن منصوبے سمیت کراچی میں وفاقی حکومت کے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل مہمان خصوصی افتخار درانی، ترجمان ندیم افضل چن و دیگر شریک ہوئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت کے تحت صوبہ سندھ اور خصوصاً کراچی میں شروع کئے جانے والے ترقیاتی منصوبوں کا بنیادی مقصد عوام کو درپیش مسائل دور کرنے صوبائی حکومت کی مدد کرنا ہے۔ ان منصوبوں پر وفاقی حکومت اور صوبائی حکومت مل کر کام کریں۔ وزیراعظم نے کہا کہ کراچی جیسے بڑے شہروں کے تمام منصوبوں میں ماحولیات کے عنصر کو مدنظر رکھا جائے۔ کراچی کی بڑھتی ہوئی آبادی اور عوام کو درپیش مسائل خصوصاً مالیاتی مسائل پر قابو پانے کیلئے ضروری ہے کہ لانگ ٹرم منصوبہ بندی کی جائے تاکہ جہاں آبادی سے متعلقہ مسائل کا حل تلاش کیا جائے وہاں مسلسل گھٹتے ہوئے گرین ایریاز کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔ دریں اثناء وزیراعظم عمران خان نے گیس کے اضافی بلوں کی واپسی کیلئے وزارت خزانہ کو 50کروڑ روپے کی رقم جاری کرنے کی ہدایت کردی ہے ۔ مزید براں وزیراعظم عمران خان نے ایک اعلی سطح اجلاس میں وزارت خزانہ کو ہدایت کی۔ اب یہ اضافی رقم مرحلہ وار صارفین کو واپس کی جائے گی۔ اجلاس میں عمران خان نے صارفین کو اپریل، مئی اور جون کے بلوں میں ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 45 ہزار سے زائد صارفین اووربلنگ سے متاثر ہوئے تھے جس پر وزیراعظم عمران خان نے نوٹس لیا تھا۔ وزیراعظم عمران خان سے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بھی ملاقات کی جس میں سیاسی و پارلیمانی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مزیدبراں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا۔ کابینہ وزارتوں، سینئر حکام کا انٹرٹینمنٹ اینڈ گفٹ بجٹ ختم کرنے کی منظوری دے گی۔ ایف بی آر اصلاحات کا مجوزہ پلان منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔ وفاقی کابینہ قومی زرعی ایمرجنسی پروگررام میں ہونے والی پیشرفت پر غور کرے گی۔ متروکہ وقف املاک بورڈ پر ٹاسک فورس کا قیام بھی کابینہ ایجنڈے میں شامل ہے۔ ملک کی سیاسی اسلامی اور معاشی صورتحال کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ کابینہ اجلاس میں 30 نکاتی ایجنڈا زیرغور آئے گا۔

ای پیپر-دی نیشن