پاک فضائیہ کے طیاروں کی موٹرویز اور ہائی ویز پر لینڈنگ ٹیک آف کا مظاہرہ
اسلام آباد (نوائے وقت نیوز، این این آئی) پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے روڈ رن وے پر لینڈنگ کا مظاہرہ کیا ہے۔ پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے موٹر وے اور ہائی وے پر مختلف مقامات پر لینڈنگ اور ٹیک آف کا کامیاب مظاہرہ کیا۔ لینڈنگ کے بعد طیاروں کو موٹر وے پر ہی ایندھن فراہم کیا گیا اور ہتھیاروں سے لیس کیا گیا۔ اس مشق کا مقصد پاک فضائیہ کے ہائی ٹیمپو فضائی آپریشنز کے تسلسل کو برقرار رکھنے کی صلاحیت کا مظاہرہ کرنا تھا۔ وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید کے علاوہ سینئر ملٹری افسران اور اعلیٰ سول عہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ موٹروے M1ہر قسم کی ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا ہے۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے M2اسلام آباد سے لاہور بھی تمام ٹریفک کے لئے کھلا ہے، این ایچ ایم پی ہمسفر ایپ، ایف ایم 95ریڈیو اسلام آباد سے تازہ ترین صورتحال نشر کی جارہی ہیں۔