پی ایس ایل سے دنیا میں پاکستان کا سافٹ امیج متعارف ہوا:سلمان ظہیر
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان ڈیف کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر سلمان ظہیر نے پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے پاکستان میں آٹھ میچز کے کامیاب انعقاد پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اور دیگر مینجمنٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ایس ایل سے دنیا میں پاکستان کا سوفٹ امیج متعارف ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ڈیف کرکٹ ایسوسی ایشن نے پی سی بی کی اجازت سے اپنی کرکٹ سرگرمیوں کا آغاز کر دیا ہے جس کے تحت 24 سے 29 مارچ تک نیشنل ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ لاہور کے مختلف گراونڈ میں منعقد ہوگا۔ سلمان ظہیر کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ میں 18 ڈسٹرکٹس کی ٹیموں نے اپنی شرکت کی یقین دہانی کرائی ہے اور اپنی ٹیم کا انتخاب کر کے پاکستان ڈیف کرکٹ ایسوسی ایشن کو بھجوا رکھا ہے۔ ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کھیلوں کے حوالے سے ایک محفوظ ملک ہے، ڈیف کرکٹ ایسوسی ایشن بھی ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کے انعقاد کا پلان تیار کر رہی ہے اس سے قبل ہماری کوشش ہے کہ نیشنل ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کا کامیاب انعقاد کیا جائے۔ اگلے ایک دو روز میں ٹورنامنٹ کے میچز کا شیڈول بھی جاری کر دیا جائے گا۔