• news

شجاعت سے جنوبی کوریا کے سفیر کی ملاقات‘ دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر اتفاق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) مسلم لیگ ق کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین سے جنوبی کوریا کے پاکستان میں نئے سفیر کویک سنگ کیو نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے حوالے سے اتفاق کیا گیا۔ چودھری شجاعت حسین نے پاکستان اور کوریا کے عوام کے درمیان زیادہ سے زیادہ رابطے بڑھانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تاریخی و قدرتی مناظر کے لحاظ سے بڑا خوبصورت اور قابل دید ملک ہے، دونوں ملکوں کے عوام کو باہمی سیر و سیاحت کے مزید مواقع ملنے چاہئیں، طلبہ کیلئے ویزہ پالیسی خصوصی طور پر نرم ہونی چاہئے۔ چودھری شجاعت حسین اور کوریا کے سفیر کے درمیان سانحہ نیوزی لینڈ کے بارے میں بھی بات ہوئی۔ چودھری شجاعت حسین نے مہمان سفیر سے کہا کہ شکر ہے کہ مارنے والا شخص مسلمان نہیں تھا ورنہ بھارت اسے ایکسپلائٹ کر کے عالمی توجہ حاصل کرنے کیلئے پاکستان کو خواہ مخواہ بدنام کرتا اور حالیہ شکست کا بدلہ لینے کیلئے کسی نہ کسی جگہ کو ٹارگٹ بنا سکتا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن