• news

شہباز شریف کو لگتا ہے آج بھی حکومتیں ان کے دور کی طرح خلاف قانون کام کرتی ہیں: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ شہباز شریف کو لگتا ہے کہ آج بھی تمام حکومتیں ان کی اپنی ماضی کی حکومت کی طرح قانون کے برخلاف کام کرتی ہیں۔ ماضی میں مخالف پارٹیوں کے قیدیوں کو ہر طرح کی اذیتیں دی جاتی تھیں، طبی سہولیات تو کُجا، ان کے ساتھ غیر انسانی سلوک روا رکھا جاتا تھا۔ اس کے برعکس تحریک انصاف کی حکومت نے بطور قیدی آپ کے حقوق سے بڑھ کر سہولیات فراہم کیں۔ جیل مینوئل کے مطابق ہفتے میں ایک ملاقات کی اجازت ہے جو ضرور کرائی جائے گی، حکومت پنجاب جیل مینوئل کے مطابق دیگر تمام سہولیات بھی فراہم کرتی رہے گی۔ یقین رکھیے ہمارا رویہ آپ کے رویے سے بہتر رہے گا- وفود سے گفتگو میں عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کرپشن کے کینسر نے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کیا ہے۔ کرپشن کرنے والے عناصر ملک و قوم کے مجرم ہیں اور کرپٹ عناصر کی وجہ سے وطن عزیز آگے بڑھنے کی بجائے پیچھے گیا ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت نے ملک میں کرپشن کے خلاف علم بلند کیا ہے اور وزیر اعظم کی قیادت میں حکومت نے کرپشن کے خلاف زیروٹالرنس کی پالیسی اپنائی ہے۔ ملک کو بے دردی سے لوٹنے والے عناصر کا احتساب ضروری ہے۔ پاکستان کو آگے لے جانے کیلئے کرپشن کے ناسورکو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہوگا اور عمران خان کی قیادت میں پاکستان سے کرپشن کا خاتمہ کریں گے۔ و تحریک انصاف کی حکومت کرپشن کے خاتمے کا ایجنڈا لے کر اقتدار میں آئی ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت نے وسائل کے استعمال میں شفافیت کو فروغ دیا ہے۔ نئے پاکستان میں کرپٹ عناصر کی کوئی گنجائش نہیں۔انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کے ادوار میں قومی وسائل کو بیدردی سے لوٹا گیا اور کرپشن سے ملک کے اداروں کو کنگال کیا گیا۔ عثمان بزدار نے معروف فوک گلوکارہ نسیم سیمی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن