نواز شریف سے ملاقات پر پابندی عمران کی آمرانہ سوچ ہے: شہباز شریف
لاہور، اسلام آباد (نیوزرپورٹر+نامہ نگار+ایجنسیاں) شہباز شریف نے کہا ہے پنجاب حکومت کی جانب سے اہل خانہ کو نوازشریف سے جیل میں ملاقات سے روکنا آمرانہ اقدام ہے، گزشتہ جمعرات سے متعدد بار درخواست دینے کے باوجود ملنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ نواز شریف کی صحت شدید خراب ہے ایسے میں ان کی اہل خانہ سے ملاقاتیں بند کر دی گئی ہیں۔ والدہ، بہن، بھائی اور بیٹی کی ملاقات پر پابندی بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ میں نے پہلے بھی کہا ہے کہ اگر نواز شریف کو کچھ ہوا تو اس کی براہ راست ذمہ داری عمران نیازی پر عائد ہو گی، اب ملاقاتوں پر پابندی عمران نیازی کی آمرانہ سوچ دوسری جانب حکومت کی غیر جمہوری اور ظالمانہ سوچ کی عکاس ہے، ایسے ہتھکنڈے نہ کل ہمیں جھکا سکے تھے نہ آئندہ جھکا سکیں گے۔ دوسری جانب نیب نے شہباز شریف کیخلاف ایک اور انکوائری کھول دی ہے۔ ذرائع کے مطابق بطور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف پر وزیر اعظم کا ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کا الزام ہے، نیب راولپنڈی کی جے آئی ٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔ تحقیقاتی ٹیم نے وزیر اعظم ہاؤس سے ہیلی کاپٹر کے استعمال سے متعلق ریکارڈ مانگ لیا ہے اور وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کو خط بھی ارسال کر دیا ہے۔