کرتار پور راہداری: پاکستان بھارت میں تکنیکی امور طے، چین کا خیر مقدم
لاہور (ایجنسیاں) کرتارپور راہداری پر پاکستان اور بھارت کے تکنیکی ماہرین کے درمیان مذاکرات میں تکنیکی امور سمیت راہداری کے نقشے، سڑکیں اور دیگر امور پر بات چیت کا دور ختم ہوگیا جس میں تکنیکی امور طے پا گئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں ممالک کے تکنیکی ماہرین کے درمیان زیرو پوائنٹ پر ہونے والی یہ ملاقات 3 گھنٹے تک جاری رہی، دونوں ملکوں کے ماہرین پر مشتمل وفود نے شرکت کی۔ ڈیرہ بابا نانک کے اس مقام کو بھارت کی طرف سے کرتارپور راہداری کے لیے زیرو پوائنٹ قرار دیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک نے سڑک کی اونچائی سمیت دیگر تکنیکی امور طے کرلیے، جس کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان کرتارپور راہداری پر مذاکرات کا اگلا دور 2 اپریل کو واہگہ میں ہوگا۔ ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ کرتار پور راہداری کھولنے کا فیصلہ جنوبی ایشیا کی تاریخ میں ایک سنگ میل ہے، امید ہے کرتار پور راہداری منصوبہ جلد مکمل ہو جائے گا۔ عالمی ثقافتی ورثہ میں پاکستان کے 6تاریخی مقامات شامل ہیں۔ چین نے پاکستان اور بھارت کے درمیان اجلاس کا خیر مقدم کیا ہے۔ بیجنگ میں پریس بریفنگ کے دوران چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گنگ شو انگ نے امید ظاہر کی کہ اس پیشرفت سے بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی مزید کم کرنے میں مدد ملے گی اور خطے کی صورتحال بہتر ہو گی۔ انہوں نے دونوں ممالک پر زور دیا کہ وہ مذاکرات کے ذریعے اختلافات ختم کریں۔