• news

پیپلز پارٹی نے کالعدم تنظیموں والا رویہ اپنایا، فواد چودھری بلاول نے مودی سے یاری نبھائی: عمر چیمہ

اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ کرپشن اولمپکس کی دوسری قسط 11 شروع ہوگئی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے سابق صدر آصف زرداری اور چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری کی نیب میں پیشی کے موقع پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں کہا کرپشن اولمپکس کی دوسری قسط شروع ہوگئی ہے۔پوری پارٹی 5 تانگوں پراستقبال کیلئے آئی۔انہوں نے کہا کہ چوری،سینہ زوری واضح کرنی ہوتونواز،زرداری کارویہ دیکھ لیں۔فواد چودھری نے کہا ہے کہ کارکنان کے حملے پر پولیس نے صبر کا مظاہرہ کیا۔ کیا آپ یہ ثابت کرنا چاہتے ہیں کہ آپ کو تفتیش کیلئے کیوں بلایا گیا؟ یہ رویہ کالعدم تنظیموں والا ہے جن پر نیشنل ایکشن پلان کا نفاذ ہو رہا ہے، یہ رویہ قانون کے تقاضوں کے منافی ہے، امید ہے کہ پیپلز پارٹی اور ان کی قیادت اپنے رویے پر معذرت کرے گی۔ وفاقی وزیر مراد سعید کا کہنا ہے بلاول کی نواز شریف سے ملاقات کے حقیقی رنگ سامنے آ گئے، بلاول نے بھی وہی کیا جو نواز شریف کیا کرتے، بلاول والد کی کرپشن یا سیاسی مستقبل میں سے کسی ایک کا انتخاب کریں۔ پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات عمر چیمہ نے بلاول کی پریس کانفرنس پر جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ کرپشن کا جواب دینے کی بجائے بلاول مودی کے ترجمان بن گئے ہیں۔ بلاول نے قومی مفاد پر یلغار مودی سے یاری نبھانے کے لئے کی ہے۔ بلاول کی نیشنل ایکشن پلان پر تنقید بھاری بیانیہ ہے۔ بلاول اور مودی کی سازشیں ناکام ہونگی، بلاول چوری اور کرپشن کے پیسے کا وارث اور حصہ دار ہے۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اوور سیز پاکستانی زلفی بخاری نے کہا ہے کہ بلاول زرداری پر کیسز تھے ، ورکرز چوروں کو تحفظ دینے نکلے ہیں، غلط کام پر سینہ زوری ہو تو ایکشن لینا بنتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن