• news

ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد آج اسلام آباد آئیں گے، یوم پاکستان تقریب میں مہمان خصوصی ہونگے

اسلام آباد( سٹاف رپورٹر ) ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد آج جمعرات کو پاکستان پہنچیں گے ۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی خصوصی دعوت پر یوم پاکستان کی تقریبات میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرنے کیلئے خاتون اول ڈاکٹر سٹی حسمہ اور تقریباً 35رکنی اعلیٰ وفد کے ساتھ اکیس مارچ کی سہ پہر ملائیشین وزیراعظم پاکستان پہنچیں گے ۔ وفد میں ملائیشیا کے نائب وزیر خارجہ داتومارزوکی یحییٰ ، ملائیشین ایکسٹرنل ٹریڈ ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے اعلیٰ عہدیداران ، پیٹرو ناس ملائیشیا کے چیئرمین داتو احمد نظام صالح اور منسٹری آف انٹرنیشنل ٹریڈ ااینڈ انڈسٹری ملائیشیا کے عہدیداران کے علاوہ دیگر معروف کاروباری شخصیات بھی شامل ہیں ۔ مہاتیر محمد کے اس انتہائی اہم دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مختلف معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط ہونگے ۔ ڈاکٹر مہاتیر بن محمد 23مارچ کو یوم پاکستان کی مرکزی تقریب میں مہمان خصوصی ہونگے اور 23مارچ کو تین روزہ دورہ مکمل کرکے ملائیشیا واپس روانہ ہوجائینگے۔

ای پیپر-دی نیشن