سیاسی کارکنوں پر تشدد قابل مذمت، سلیکٹڈ وزیر اعظم، حکومت انکی وقعت کیا جانیں: مریم اورنگزیب
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان سے سوالات پوچھتے ہوئے کہا ہے کہ منتخب پارلیمان، ارکان اور وزیراعظم پر لعنت بھیجنے پر عمران نیازی صاحب معافی کب مانگیں گے؟ دوسروں کو درس دینے سے پہلے عمران نیازی صاحب اور ان کے ترجمان آئینہ سامنے رکھ لیا کریں۔ بدھ کووزیراطلاعات چوہدری فواد حسین کے بیان پر اپنے ردعمل میں انہوں نے کہاکہ سیاسی کارکنوں پر تشدد قابل مذمت ہے۔ سیاسی کارکن جمہوریت کا اثاثہ ہیں لیکن سلیکٹڈ حکومت کیا جانے سیاسی کارکن کیا ہوتا ہے؟ سلیکٹڈ وزیراعظم اور حکومت سیاسی کارکنان کی عزت اور وقعت کیا جانے۔ انہوں نے کہاکہ منتخب حکومت کے خلاف دھرنا دینے، پارلیمنٹ، سرکاری عمارتوں پر حملے پر کب معافی مانگیں گے؟ عمران نیازی صاحب ڈی چوک میں پولیس افسروں کو گالیاں دینے، سر پھاڑنے اور تشدد پر کب معافی مانگے گے ؟ منتخب وزیراعظم کو وزیراعظم ہاوس سے گھسیٹ لاو کے اعلان پر معافی کس تاریخ کو مانگیں گے؟ سول نافرمانی کی کال دینے پر کب معافی مانگیں گے؟ ملک کو لاک ڈاؤن اور جلانے کی کال دینے پر کب معافی مانگیں گے ؟ ملک میں انتشار، افراتفری، نفرت اورگالم گلوچ کا گند پھیلانے والے کس منہ سے آج دوسروں کو درس دے رہے ہیں؟فواد چوہدری کو اپنے انتخابی جلسے کی خالی کرسیاں اور 500 لوگ ہی ہر جگہ نظر آتے رہتے ہیں جن سے عمران نیازی صاحب نے خطاب کیا تھا۔