پلوامہ حملہ نہیں بھولے، دہشتگردوں کیخلاف مزید اقدامات کرینگے: بھارتی قومی سلامتی مشیر کی بڑھک
نئی دہلی (صباح نیوز) بھارت کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول نے کہا ہے کہ بھارت پلوامہ خود کش حملے کو بھولا نہیں ہے اور دہشت گردوں اور ان کے حامیوں کے خلاف مزید اقدامات کیے جائیں گے۔ نیم مسلح دستے 'سی آر پی ایف' کی 80 ویں سالگرہ پر ایک تقریب سے خطاب میں اجیت دوول نے کہا کہ بھارت نہ تو پلوامہ حملے کو بھولا ہے اور نہ ہی بھولے گا۔ان کے بقول، مزید کارروائی کب ہو گی اور کہاں ہو گی، اس کا فیصلہ قیادت کرے گی۔ یہ کارروائی یا تو دہشت گردوں کے خلاف ہو گی یا ان کی حمایت اور ان سے سازباز کرنے والوں کے خلاف۔ دوول نے گڑگائوں میں منعقدہ تقریب میں مزید کہا کہ بھارت کو 'سی آر پی ایف' پر مکمل اعتماد اور بھروسا ہے اور یہی وجہ ہے کہ حکومت کسی بھی مشکل صورت حال پر قابو پانے کے لیے 'سی آر پی ایف' کو ہی تعینات کرتی ہے۔