بلاول، زرداری کی پیشی، پی پی کا بھر پور قوت کا مظاہرہ
اسلام آباد(چوہدری شاہد اجمل)نیب میں بلاول بھٹو اور آصف زرداری کی پیشی کے موقع پر سینیٹر مصطفی نواز کھوکھرچھائے رہے اور کارکنوں کو متحرک کرتے رہے۔ پولیس کو سبکی کا سامنا کرنا پڑا جب پولیس نے نیب آفس کے گیٹ کے سامنے نعرے بازی کر نے والے پی پی پی کارکنان کو گرفتار کرکے قیدیوں کی وین کو بھر دیا اس دوران پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹرمصطفیٰ نواز کھوکھر کارکنوں کے ہمرا ہ موقع پر پہنچے اورپولیس وین کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کارکنوں سے کہا ’’کھولودروازہ ،ان کو باہرنکالو‘‘۔کارکن آگے بڑھے اور دیکھتے ہی دیکھتے پولیس اہلکاروں کو ایک طرف دھکیلا اور وین کا دروازہ کھول دیا ،جس سے گرفتار کیے گئے کارکنان نے باہر نکلنا شروع کیا تھا کہ ڈرائیور نے وین کو بھگا لیا اس دوران کارکنان چھلانگیں مارتے ہوئے نیچے اتر آئے صرف چند گرفتارکارکنان ہی گاڑی میں رہ گئے،اس موقع پر پیپلزپارٹی کی طرف سے بھر پور قوت کا مظاہرہ کیا گیا ۔جب مصطفی نواز کھوکھر کو پتہ چلا ۔نادرا چوک پر پولیس نے کارکنوں کو تشدد کا نشانہ بنایا ہے تو وہ فوری طورپر نادرا چوک پہنچ گئے اور پولیس کے ساتھ مقابلہ کرتے ہوئے خادار تاریں ہٹا دیں اور راستہ کھول دیا جس سے کارکنان بڑی تعداد میں نیب افس جانے میں کامیاب ہو گئے ۔کارکنا ن کا زور نیب عمارت کے مرکزی گیٹ سے کم ہوا تو کارکنا ن پارٹی پرچم اٹھائے عمارت کی دیوار پر چڑھ گئے اور پیپلز پارٹی کے نعروں والے کتبے دیوار پر لگی آہنی باڑھ کے ساتھ باندھ دیے۔پیشی کے موقع پر سابق صدر آصف زرداری اور بلاول بھٹو کے ساتھ آصفہ بھٹو کو بھی نیب دفتر جانے کی اجازت دی گئی ،نیب زرائع کے مطابق دوران تفتیش آصف زرداری اور بلاول بھٹو کو چائے بھی پیش کی گئی جبکہ آصفہ بھٹو کو نیب دفتر میں خواتین اسٹاف نے ایک کمرے میں بٹھایا اور انہیں چائے پیش کی ۔سابق صدر آصف زرداری نیب ٹیم کے بیشتر سوالوں کا جواب دیتے ہوئے مسکراتے رہے۔