سید والا: میس کا زہریلا کھانا کھانے سے ایک درجن سے زائد پولیس اہلکار بے ہوش
سیدوالا (نامہ نگار) زہریلا کھانا کھانے سے تھانہ سیدوالا کے سب انسپکٹر اور محرر سمیت ایک درجن سے زائد پولیس اہلکار بے ہوش ہو گئے۔ ملازمین کو مقامی سول ہسپتال داخل کروا دیا گیا۔ ملازمین نے کھانا تھانہ کے میس سے کھایا اور کھاتے ہی بے ہوش ہو گئے۔ اے پی ایم او ڈاکٹر محمد یعقوب چوہدری کے مطابق ملازمین کو فوڈ پوائزننگ کی شکایت ہوئی ہے جن کا علاج کیا جا رہا ہے اور حالت خطرے سے باہر ہے۔ ایس ایچ او تھانہ سیدوالا محمد عباس کھچی کے مطابق چکی والے سے آٹا میں غلطی سے گندم میں رکھنے والی گولی پس گئی اور اسی آٹے کی روٹی کھانے سے ملازمین متاثر ہوئے۔