وسیع تیل ذخائر‘ آئندہ ماہ بڑی خوشخبری ملے گی: عمران خان
اسلام آباد(سپیشل رپورٹ)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قوم دعا کرے اگلے تین ہفتوں میں پاکستان کو ایک بڑی اچھی خبر ملنے والی ہے۔پاکستان سے آف شور تیل کے اتنے بڑے دخائر کی خوش خبری ملنے والی ہے کہ سارا مسئلہ حل ہوجائے گا۔ سینئر صحافیوں کے ایک گروہ سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ایکسن کمپنی پاکستان میں سمندر میں تیل کی تلاش میں مصروف ہے توقع ہے کہ پاکستان کو تیل اور گیس کے ایسے ذخائر مل جائیں گے جو نہ صرف پاکستان میں توانائی کا مسئلہ حل کرنے میں معاون ثابت ہوں گے،بلکہ پاکستان تیل اور گیس دوسرے ملکوں کو برآمد کرنے میں بھی کامیاب ہوجائے ۔وزیراعظم سے پاک بھارت کشیدگی کے حوالے سے پوچھا گیا کہ کیا دونوں ملکوں میں کشیدگی ختم ہوگئی ہے؟کیا کوئی خطرہ باقی ہے تو وزیراعظم نے کہا کہ دونوں میں کشیدگی کے خاتمے کا انحصار اس بات پر ہے کہ اگر نریندر مودی بھارت میں جیت گیا تو شاید کشیدگی کم ہوجائے۔لیکن اگر اسے انتخابات میں شکست نظر آئی تو وہ کوئی شرارت کرسکتا ہے۔ملک کی معاشی صورت حال کے بارے سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیراعظم نے معاشی بحران کی ذمہ داری سابق حکومت پر ڈالی اور کہا کہ وہ ملک کے خزانے میں کیا باقی چھوڑ گئے ہیں،وزیراعظم نے کالعدم تنظیموں کے حوالے سے استفسار کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ کالعدم تنظیمیں بہت پہلے ختم ہوجانا چاہیں تھیں۔ہم ان تنظیموں کے پیچھے پڑگئے ہیں،ان کو ختم کرکے دم لیں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ جیش محمد کا نام آئے تو پاکستان پر انگلیاں اٹھنا شروع ہوجاتی ہیں ۔گیس کی قیمتوں کے حوالے سے سوال کے جواب میں وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ ہم 100 کلو گرام کی ایل این جی خرید کر پچاس روپے کلو نہیں فروخت کرسکتے،وزیراعظم نے کہا کہ سب لوگ نفل مان لیں سمندر سے تیل کے وسیع ذخائر ملنے کی خوش خبری ملنے والی ہے۔آئی ایم ایف کے ساتھ سمجھوتے کے حوالے سے سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ اگر ہم آئی ایم ایف کی شرائط کو فوری طور پر مان لیتے تو لوگ مہنگائی کے بوجھ تلے دب جاتے۔فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے حوالے سے سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی شرائط پر ہم تو اس طرح عمل کریں گے بھارت کی کوشش ہے ایف آئی ٹی ایف ہمیں بلیک لسٹ میں شامل کرائے لیکن وہ اس میں کامیاب نہیں ہوگا۔