• news

والد کی طبیعت ٹھیک نہیں، قوم صحت کیلئے دعا کرے: مریم نواز

لاہور (صباح نیوز) سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ جلد رہائی کیلئے بہت پرامید ہوں، اگلی جمعرات آپ سے گھر پر ملاقات ہو گی۔ نوازشریف سے مریم نواز نے اپنی دادی اور چچا شہبازشریف کیساتھ ملاقات کی۔ اہلخانہ نے نوازشریف سے ان کی خیریت دریافت کی اور ملکر دوپہر کا کھانا بھی کھایا۔ نوازشریف بہت خوش دکھائی دیئے۔ نوازشریف نے والدہ سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ ماں جی اللہ آپ کی دعائیں سن رہا ہے۔ نوازشریف کی والدہ نے کوٹ لکھپت جیل میں اپنے بیٹے کی رہائی کیلئے دعا بھی کرائی۔ نواز شریف کی والدہ شمیم بیگم نے کہا ہے کہ میری دعائیں نواز شریف کے ساتھ ہیں، انشاء اللہ انہیں ضرور رہائی ملے گی۔ مریم نواز نے ملاقات کے بعد بتایا کہ نواز شریف کی طبیعت ٹھیک نہیں، انہیں انجائنا کی درد کی شکایت ہے، ملاقات کے دوران بھی انہوں نے درد کو کم کرنے کیلئے سپرے کا استعمال کیا۔ نوازشریف نے پارٹی رہنمائوں اور کارکنان سے ملاقاتیں نہیں کیں تاہم کارکنان بڑی تعداد میں کوٹ لکھپت جیل پہنچے اور شریف خاندان کی آمد پر پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کیں۔ کارکنان نے نوازشریف کی صحت یابی کے ساتھ جلد رہائی کیلئے بھی دعائیں کیں۔ مریم نواز نے ٹوئٹ میں کہا کہ آپ سب کی دعائوں اور ساتھ دینے کا شکریہ۔

ای پیپر-دی نیشن