پاکستان خوش رہنے والے ملکوں میں بھارت پر سبقت لے گیا، فن لینڈ پھر سب سے آگے
نیویارک(صباح نیوز)پاکستان نے دنیا کے خوش ملکوں کے انڈیکس میں بھارت کو مات دیتے ہوئے گزشتہ ایک سال کے دوران اپنی رینکنگ میں 8درجے کی بہتری حاصل کی جبکہ بھارت مزید تنزلی کا شکار ہوا۔اقوام متحدہ سے منظور شدہ ادارے کے مطابق خوش ممالک کی سالانہ رپورٹ میں فن لینڈ ایک مرتبہ پھر سب سے زیادہ خوش آسودہ ملک کا درجہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہا۔اس رپورٹ میں 156ملکوں کا جائزہ لیا گیا اور فی کس آمدنی، متوقع زندگی، سماجی مدد، آزادی، سخاوت اور کرپشن جیسے عوامل کو مدنظر رکھ کر ملکوں کی رینکنگ کی گئی۔فہرست میں ڈنمارک، ناروے اور آئس لینڈ بالترتیب دوسرے، تیسرے اور چوتھے نمبر پر رہے جبکہ افریقی ملک سوڈان کا آخری نمبر رہا۔پاکستان دنیا کے ان 20ملکوں میں شامل رہا جن کی رینکنگ میں سب سے زیادہ بہتری آئی اور وہ اپنے تمام پڑوسی ملکوں کے مقابلے میں ایک مرتبہ پھر سب سے خوش اور آسودہ ملک قرار پایا۔اس فہرست میں پاکستان نے دوست ملک چین کو بھی پیچھے چھوڑ دیا جو 93ویں نمبر پر موجود ہے جبکہ ایران 117، عراق 126، بنگلہ دیش 125اور افغانستان 154 نمبر پر موجود ہے۔