بھارت اور خطے کے دیگر ملکوں کو بھی سی پیک میں شامل کیا جائے: ورلڈ بنک کی تجویز
کراچی(آن لائن) ورلڈ بینک نے بھارتی جارحانہ عزائم اور مسئلہ کشمیر پر بھارتی ہٹ دھرمی کو نظر انداز کرتے ہوئے پاکستان کو بھارت کے ساتھ تجارتی پینگیں بڑھانے کی تجویز دی ہے۔ ورلڈ بینک کا کہنا ہے کہ جنوب ایشیا اور وسط ایشیائی ریاستوں کے مابین علاقائی تجارت کو آسان بنانے کے لیے بھارت سمیت خطے کے دیگر ملکوں کو بھی چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے میں شامل کرنے سے پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔ معاشی اور سماجی اہداف اور سفارشات پر مشتمل ’’سو سال کا پاکستان‘‘ رپورٹ میں ورلڈ بینک نے علاقائی تجارت میں پائے جانے والے امکانات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان جنوبی ایشیا کے ممالک، وسط ایشیائی ریاستوں اور چین کیساتھ اپنی مجموعی تجارت کو 18ارب 48کروڑ ڈالر کی موجودہ سطح سے 2047 تک 58ارب ڈالر تک بڑھاسکتا ہے۔