مہاتیر اسلام آباد پہنچ گئے: عمران نے خود استقبال کیا، 21 توپوں کی سلامی
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد تین روزہ دورہ پاکستان پر اسلام آباد پہنچ گئے وزیراعظم عمران خان نے نور خان ایئر بیس پر مہاتیر محمد کا شاندار استقبال کیا گلدستہ پیش کیا 21 توپوں کی سلامی پیش کی گئی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، خسرہ مختیار اور اعلیٰ حکام بھی استقبال کرنے والوں میں شامل تھے ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد کا دورہ پاکستان 21 سے 23 مارچ تک ہوگا مہاتیر محمد 23 مارچ کو یوم پاکستان پر پریڈ میں مہمان خصوصی ہوں گے ملائیشیاء کا اعلیٰ سطح کا وفد بھی مہاتیر محمد کے ہمراہ پاکستان آیا ہے مہاتیر محمد صدر عارف علوی وزیراعظم سے ملاقات کریں گے پاکستان اور ملائیشیا کے وزیراعظم کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے ۔ عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق ملائیشیا کے وزیراعظم ہمراہ سرمایہ کاروں اور تاجروں کا ایک اعلی سطحی وفد بھی پاکستان آیا ہے جو پاکستان میں قیام کے دوران سرمایہ کاری اور تجارت کے فروغ کے امکانات کا جائزہ لے گا۔پاکستان اور ملائیشیا کے مابین تجارت، سرمایہ کاری اور دفاعی امور کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے اہم پیشرفت ممکن ہے۔انہیں دورے کی دعوت وزیراعظم نے دی تھی۔نومبر 2018میں وزیراعظم عمران خان نے وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے کے بعد ملائیشیا کا سرکاری دورہ کیا تھا۔ مہاتیر محمد کو اعلیٰ ترین سول ایوارڈ سے نوازا جائیگا مہاتیر محمد کو نشان پاکستان دینے کی تقریب آج ایوان صدر میں ہو گی وزیراعظم آرمی چیف سمیت اہم شخصیت شرکت کرینگی صدر مملکت مہمان وزیراعظم کے اعزاز میں ضیافت بھی دینگے۔ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان راؤنڈ ٹیبل کانفرنس آج اسلام آباد میں ہوگی دونوں ملکوں کے وزریاعظم کانفرنس میں شرکت کریں گے ایجنڈے کے مطابق وزیراعظم عمران خان 4بجکر 40 منٹ پر خطاب کریں گے وزیراعظم کے سیشن میں 15 منٹ سوال جواب کیلئے بھی مختص کیا گیا ہے کانفرنس میں دونوں ممالک کے حکام بزنس میں شرکت کریں گے کانفرنس میں مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، چئرمین سرمایہ کاری بورڈ ہارون شریف شرکت کریں گے کانفرنس میں ملائیشیا کار کمپنی کا علامتی سنگ بنیاد بھی رکھا جائے گا ملائیشن کی کمپنی پروٹنان پاکستان میں کار مینو فیکچرنگ کا معاہدہ کرے گی شراکت داری کا اعلان چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ہارون شریف کریں گے ملائیشین کمپینوں کے چیئرمینز بھی تقریب سے خطاب کریں گے۔این این آئی کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ ملائیشیا کے وزیر اعظم کے دورے سے دونوں ملکوں کے درمیان موجودہ برادرانہ اور دوستانہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔دورے میں دونوں ممالک کے عوام کے باہمی مفاد کے لیے معاشی، تجارتی، سرمایہ کاری اور دفاعی شعبوں میں تعلقات کے فروغ پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔اور ان کے دورے کے دوران پاکستان اور ملائیشیا ء کے مابین 4 معاہدوں پر دستخط ہوں گے، اور ملائشیا ء کی جانب سے 1 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی امید کی جارہی ہے، جب کہ دونوں ممالک کے وزرا کے مابین مختلف یاداشتوں پر بھی دستخط ہوں گے۔