نئی ایوی ایشن پالیسی منظوری کیلئے کابینہ کو ارسال
کراچی (رپورٹ:سید شعیب شاہ رم) ملک کی نئی ایو ی ایشن پالیسی کابینہ کی منظوری کیلئے ارسال کردی گئی ہے ، نئی پالیسی میں متعدد ایسے اقدامات کئے گئے ہیں جنہیں قابل قدر قرار دیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق نئی ایوی ایشن پالیسی میں ایئر لائن کے لائسنس کی معیاد میں اضافہ کردیا گیا ہے جو پہلے ایک سال تھی جسے بڑھا کر 2سال کرنے کی تجویز دی گئی ہے، ایئر لائنز ذرائع کے مطابق اس اقدام سے نجی ایئر لائنز کو خدمات فراہم کرنے میں سہولیات میسر ہونگی، اس سے قبل ایئر لائنز کو ایک سال کا لائسنس جاری کیا جاتا تھا جس کے دوران ایئر لائن کو تمام انتظامی تیاریاں مکمل کرنی ہوتی تھیں جن میں طیاروں کو خریدنا، انہیں سروس میں شامل کرنا، کیبن کریو کی تقرری اور ملک بھر میں آپریشن کا آغاز کرنا ایک دشوار مرحلہ تھا جس کے باعث اکثر ایئرلائنز کو یہ شرط پوری کرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا تھا اور انہیں دوبارہ حکومت سے لائسنس میں مزید مہلت کی درخواست دینا پڑتی تھی، نئی پالیسی کے بعد ایئرلائنز کو اس مشکل مرحلہ سے نجات مل جائے گی۔ ذرائع کے مطابق نئی پالیسی میں کیبن کریو اور ایئر لائن اسٹاف کے لائسنس میں بھی توسیع کردی گئی ہے جو 1سال سے بڑھا کر 5سال کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ ساتھ ہی ایرونوٹیکل چارجز جن میں لینڈنگ، ایئر نیوگیشن اور پارکنگ چارجز سر فہرست ہے میں بھی کمی کی تجویز دی گئی ہے۔ وزیر اعظم اور حکومت کی ملک میں سیاحت کے فروغ کو بھی اس پالیسی میں مد نظر رکھا گیا ہے اور اس ضمن میں ایک نیا لائسنس متعارف کرایا جا رہا ہے جسے Tourism Promotional & Regional Integrationکہا جائے گا، اس لائسنس کے تحت نجی ایئر لائنز اور پرائیوٹ گروپس کو Tourismوالے علاقوں تک جانے سروسز کیلئے سول ایوی ایشن چارجز انتہائی کم کرنے کی تجویز دئی گئی ہے، یہ لائسنس حاصل کرنے والی نجی ایئر لائنز یا پرائیوٹ گروپس سیاحت کے مقامات تک ہیلی کاپٹر سروس بھی چلا سکتے ہیں۔