• news

کراچی: دس منزلہ عمارت میں آتشزدگی ، چھلانگ لگانے سے 2افراد جاں بحق

کراچی(کرائم رپورٹر) گلشن اقبال میں یونیورسٹی روڈ پرحسن اسکوائر کے نزدیک کثیر المنزلہ عمارت میں آگ لگنے کے بعد بالائی منزل سے چھلانگ لگانے والے دو افراد جاں بحق جبکہ آتشزدگی کے نتیجے میں خاتون سمیت ایک درجن افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔ دس منزلہ عمارت میں آگ جمعرات کی صبح دس اورگیارہ بجے کے درمیان لگی تھی جس کے بارے میں اطلاع ملنے پر ابتدائی طورپر کے ایم سی فائربریگیڈ کی دو گاڑیاں موقع پر پہنچیں جبکہ آگ کی شدت اورعمارت میں لوگوں کے پھنسے ہوئے ہونے کی وجہ سے کے ایم سی فائربریگیڈ کے علاوہ پاک بحریہ کے فائربریگیڈ واسنارکل کو بھی طلب کیا گیا اور پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹر نے بھی ریسکیو کے عمل میں حصہ لیا اس موقع پر متعدد افراد کو اسنارکل کی مدد سے نکالا گیا۔تاہم دو افراد نے خوفزدہ ہوکر عمارت سے چھلانگ لگادی اورگرکرجاں بحق ہوئے ، جاں بحق ہونے والے دونوں افراد کی شناخت 30سالہ حمزہ ولد مقصود اور 23سالہ جہانذیب ولد سرور کے نام سے ہوئی فائربریگیڈ حکام کے مطابق آگ عمارت کی چوتھی منزل پر ایئرکنڈیشنز میں لگی تھی جس نے آناً فاناً دوسری منزلوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن