نواز شریف کی بیماری پر سیاست نہیں کر رہے ، جمعرات کو جو چاہے ملاقات کرے: صمصام بخاری
لاہور( نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت صمصام علی بخاری نے کہا ہے کہ ہم نواز شریف کی بیماری پرسیاست کرنے پر یقین نہیں رکھتے۔ حکومت نواز شریف کو جیل میں زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کی پالیسی اختیار کر رکھی ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہاہے کہ مریم نواز ٹویٹ کرتی ہیں کہ نواز شریف سیملنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جا رہی یہ خلاف حقیقت ہے حکومت نے کسی کو ملاقات سے نہیں روکاجمعرات کو جس کادل چاہے وہ نواز شریف سے ملاقات کر لے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک نواز شریف کے لندن جانے کا سوال ہے تو اس کا فیصلہ عدالت نے کرنا ہے۔اگرعدالت ان کو اجازت دیتی ہے تو حکومت کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ڈالے گی۔ دریں اثناء صوبائی وزیر نے میڈیا آگہی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کو سچائی اور ذمہ داری کا دامن کسی حال میں نہیں چھوڑنا چاہیے۔ حجاج کرام کے لیے زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی حکومت اور پرائیویٹ آپریٹرز دونوں کی یکساں ذمہ دار ی ہے تاہم اِن سہولیات کے حوالے سے حجاج کرام کی واپسی کے بعد میڈیا میں چھپنے والی خبروں سے ہی اصل صورتحال کا اندازہ ہو سکے گا۔