لاہور میں 400 میٹر اور کوئٹہ میں 300 میٹر لمبا پرچم لہرایا گیا
لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر ہائوس لاہور میںلاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی اور پاکستان یوتھ کونسل کے کارکنوں نے 400میڑ لمبا اور 5میڑ چوڑا پاکستانی پر چم لہرا کر نیا عالمی ریکاڑڈ قائم کر دیا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ قائدؒ کے پاکستان کو کر پشن‘ ظلم اور ناانصافی سے جیسے جرائم سے مکمل طور پر پاک کیا جائیگا‘ ملک کو لوٹنے والے کسی صورت قوم کے خیرخواہ نہیں ہو سکتے‘ گورنر ہائوس لاہور میں ہونیوالی تقر یب میں گور نر پنجاب چوہدری محمد سرور کیساتھ بیگم گورنر پنجاب پروین سرور اور یونیورسٹی کے طلباء اور طالبات کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے عالمی ریکارڈ بنانے پر تمام شرکاء کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ میں سب سے پہلے پاکستان اور دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانیوں کو یوم پاکستان کی بھر پور مبارکبا دیتا ہوں اور ہم افواج پاکستان سمیت تمام سیکورٹی فورسز کے ان شہداء کو بھی سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے ملک کی خاطر اپنی جانیں قربان کر دی ہیں۔دریں اثناء یوم پاکستان کے موقع پر کوئٹہ کی بلوچ کمیونٹی کی جانب سے 23 مارچ کی مناسبت سے ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ نوجوانوں نے 300 میٹر لمبا پرچم تیار کر کے وطن سے محبت کا اظہار کیا۔ اس ریلی میں کوئٹہ کے تمام علاقوں سے لوگوں نے شرکت کی۔