• news

مہاتیر محمد نے جے ایف 17تھنڈر طیاروں کا معائنہ کیا ، فضائیہ نے جیکٹ تحفے میں دی

اسلام آباد ( آن لائن) ملائیشیا وزیراعظم تین روزہ دورہ پاکستان کے بعد وطن واپس روانہ ہو گئے ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے ڈاکٹر مہا تیر محمد کو رخصت کیا۔ملائیشین وزیراعظم نے وطن واپسی سے قبل جے ایف 17 تھنڈر طیارے کا معائنہ بھی کیا۔ اس موقع پر مہا تیر محمد نے پاک فضائیہ کی خصوصی جیکٹ زیب تن کر رکھی تھی۔ وزیر اعظم عمران خان نے ملائیشین ہم منصب کو ریڈ کارپٹ مصافحہ کرتے ہوئے رخصت کیا اس موقع پر کابینہ ارکان بھی موجود تھے،یاد رہے کہ ملائیشین وزیراعظم تین روزہ دورے کے موقع پر دونوں ممالک کے دوران 5مختلف یاداشتوں پر دستخط کیے گئے۔ملائیشیا کے وزیراعظم نے جے ایف17طیاروں کی خریداری میں دلچسپی کا اظہار کیا تھا۔ حکام نے مہاتیر محمد کو جے ایف 17تھنڈر طیارے سے متعلق بریفنگ دی اور اور اہم فیچرز سے آگاہ کیا جبکہ انھوں نے جے ایف17 طیارے کا اندورنی معائنہ بھی کیا۔ ملائیشیا کے وزیر اعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد کو پاکستان کے تاریخی دورے پر مبنی ان کی یادگاری تصاویر کا البم پیش کیا گیا۔ ہفتہ کو وزیر اعظم عمران خان نے ملائیشیا کے وزیر اعظم کو واپس روانگی سے قبل نورخان ایئر بیس پر انہیں فوٹو البم پیش کیا۔ اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین اور وزیر مہمانداری وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی خسروبختیار بھی موجود تھے۔

ای پیپر-دی نیشن