مصر: سچی محبت نے صحافی جوڑے کو 67 سال بعد شادی کے بندھن میں باندھ دیا
قاہرہ (این این آئی) مصر کا ایک بزرگ صحافی جوڑا بالآخر 67سال کے انتظار کے بعد رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گیا۔ 85 سالہ مصری صحافی حسین قدری کو ہمیشہ اپنی محبوبہ عصمت سے شادی کی آس رہی۔ دونوں نے 67 سال انتظار کیا۔ قدری نے کم عمری میں عصمت سے عشق کیا اور جوان ہونے پر اس کے ساتھ شادی کی خواہش ظاہر کی مگر تقدیر نے دونوں کو ایک دوسرے سے جدا کر دیا۔ دونوں ایک ساتھ بڑے ہوئے۔ وقت کے ساتھ ان کی محبت پھلتی پھولتی گئی اور 1952ء میں دونوں کی منگنی ہو گئی۔ منگنی کے چند ماہ بعد عصمت کے والد نے اپنا فیصلہ تبدیل کرتے ہوئے اس کی شادی اپنے بھتیجے کے ساتھ کرانے کا اعلان کر دیا۔ وہاں سے دونوںکے راستے جدا ہو گئے مگر صحافت کے میدان میں دونوں ایک دوسرے کے ساتھی رہے۔ آخر کار جمعرات کو قاہرہ کے وسط میں پریس کلب کی عمارت میں 85 سالہ حسین قدری اور 81 سالہ عصمت صادق شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔ اس موقع پر دونوں کے قریبی عزیزوں کیساتھ ساتھ صحافیوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔