افغانستان: فورسز کے فضائی حملے میں10شہری جاں بحق
کابل(آن لائن) افغانستان میں سکیورٹی فورسز کے فضائی حملے میں دس شہری ہلاک جبکہ آٹھ زخمی ہو گئے ۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق مقامی حکام نے بتایا کہ صوبہ قندوز میں سکیورٹی فورسز نے طالبان کے ٹھکانے کو فضائی حملے کا نشانہ بنایا تاہم حملے کی زد میں عام شہری آ گئے ۔ جس کے نتیجے میں دس افراد ہلاک جبکہ آٹھ زخمی ہو گئے ۔ زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ واقعے کی وجوہات جاننے کے لئے تحقیقات شروع کر دی گئی ہے ۔افغانستان کے صوبے ہلمند میں ایک تقریب کے دوران دھماکے میں افغان ڈائریکٹوریٹ آف اکانومی کے سربراہ نصرت خان 7 افراد جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔افغان خبر رساں ادارے کے مطابق ہفتے کے روزابتدائی معلومات کے مطابق دھماکہ ہلمند کے لشکرگاہ اسٹیڈیم میں ہوا جہاں کسانوں کے دن کے حوالے تقریبات جاری تھیں، زخمیوں میں کثیر تعداد سیکیورٹی اہلکاروں کی ہے۔ افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نصرت رحیمی نے کہا ہے کہ کم سے کم 3 افراد جاں بحق ہوئے ہیں اور 31 زخمی ہیں۔وزارت داخلہ کے ترجمان نے بتایا ہے کہ دھماکہ اسٹیڈیم میں بچھائی گئی بارودی سرنگوں کے سبب ہوا۔مقامی حکام کے مطابق دھماکے میں افغانستان ڈائریکٹوریٹ آف اکانومی کے سربراہ نصرت خان جاں بحق ہوگئے ہیں۔دھماکے کی ذمہ داری فی الحال کسی عسکری تنظیم نے قبول نہیں کی۔