وفاقی کابینہ کا اجلاس کل ہوگا‘ 30نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائیگا ،اسد عمر ملائیشیا کیساتھ ہونیوالے معاہدوں پر بریف کرینگے
اسلام آباد (صباح نیوز) وفاقی کابینہ کا اجلاس کل ہو گا۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس میں 30 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا، اجلاس میں ملک کی سیاسی اور معاشی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ اسد عمر ملائیشیا کے ساتھ ہونے والے معاہدوں پر بریف کریں گے۔ کابینہ لاہور نئی دہلی بس سروس معاہدے میں توسیع کا جائزہ لے گی۔ کابینہ سرمایہ کاری بورڈ کی تشکیل نو کی سمری پر بھی غور کرے گی۔ وفاقی کابینہ ہوا بازی پالیسی 2019 کی منظوری دے گی، کراچی انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ بورڈ کی تشکیلِ نو کی سمری بھی کابینہ میں پیش ہو گی، پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کی تشکیلِ نو کا بھی جائزہ لیا جائے گا، اجلاس میں مختلف اداروں میں تقرریوں کی منظوری دی جائے گی، اجلاس میں پی ٹی ڈی سی میں غیر قانونی بھرتیوں کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی اور کابینہ کمیٹی توانائی کے فیصلوں کی توثیق کی جائے گی۔