• news

’’جیوے جیوے پاکستان‘‘ معروف گلوکارہ شہناز بیگم ڈھاکہ میں انتقال کرگئیں

ڈھاکہ (نوائے وقت نیوز) ’’سوہنی دھرتی اللہ رکھے’’ اور’’ جیوے جیوے پاکستان‘‘ جیسے مقبول ملی نغمات گانے والی شہناز بیگم انتقال کر گئیں۔شہناز بیگم بنگلہ دیش کے شہر ڈھاکہ میں مقیم تھیں جہاں انہیں دل کا دورہ پڑا اور وہ خالق حقیقی سے جا ملیں۔ 67 سالہ شہناز بیگم کی نمازجنازہ کے بعد سپردخاک کر دیا گیا۔ شہناز بیگم 2 جنوری 1952ء کو مشرقی پاکستان کے شہر ڈھاکہ میں پیدا ہوئیں۔دوسری جانب ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے شہناز بیگم کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔ وہ کمال کی گلوکارہ تھیں جنہوں نے جمیل الدین عالی کا لکھا گیا نغمہ ’’سوہنی دھرتی اللہ رکھے‘‘ گایا جو آج بھی ہمارے دل و دماغ میں گونجتا ہے۔واضح رہے سقوط ڈھاکہ کے بعد شہناز بیگم نے بنگلہ دیش میں سکونت اختیار کر لی تھی‘ تاہم وہ پاکستان اور بنگلہ دیش دونوں ممالک میں یکساں مقبول تھیں۔ ان کے گائے ہوئے ملی نغمے ’’سوہنی دھرتی اللہ رکھے‘‘ اور ’’جیوے جیوے پاکستان‘‘ کئی دہائیاں گزرنے کے بعد بھی مقبول عام ہیں۔ شہناز بیگم نے 2010ء میںعمرے کی ادائیگی کے بعد ڈھاکہ واپسی پر اپنا گھر بیچ کر رقم غریبوں میں بانٹ دی تھی۔ شہناز بیگم کا گایا ہوا مقبول ترین ملی نغمہ ’’سوہنی دھرتی اللہ رکھے‘ قدم قدم آباد تجھے‘‘ جمیل الدین عالی نے لکھا تھا جب کہ اس کی موسیقی سہیل رعنا نے ترتیب دی تھی۔ واضح رہے کہ شہناز بیگم کو ان کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں کئی اعزازات سے نواز گیا ہے۔ وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چودھری نے اظہارتعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہناز بیگم کے گائے نغمے نوجوان نسل میں بھی یکساں مقبول ہیں، ان کے گائے نغمے قوم کی آواز بن چکے ہیں۔ شہناز بیگم نے سوگواران میں شوہر، ایک بیٹی اور ایک بیٹے کو چھوڑا ہے۔ انہوں نے بچپن میں ہی گلوکاری شروع کردی تھی اور صرف 11 برس کی عمر میں انہوں نے اپنا پہلا گانا پلے بیک سنگر کی حیثیت سے گایا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن