اسلام انسانیت کا درس دیتا ہے، وزیراعظم نیوزی لینڈ: جمہ کو قومی دعائیہ تقریب کا اعلان
ویلنگٹن(آئی این پی+ آن لائن+ صباح نیوز+نوائے وقت رپورٹ) نیوزی لینڈ میں جمعہ کے روز کرائسٹ چرچ میں دہشت گرد حملوں کے متاثرین کیلئے قومی دعائیہ تقریب ہوگی۔ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے ایک بیان میں کہا کہ تقریب حملوں کے متاثرین کی یادمیں اکٹھے ہونے کا ایک موقع فراہم کر ے گا۔ جیسنڈا آرڈرن نے کہا کہ جب سے دہشت گرد حملہ ہوا ہے ملک غم و اندوہ کی کیفیت میں ہے۔قومی دعائیہ تقریب 29 مارچ کو کرائسٹ چرچ کے ہیگلے پارک میں صبح 10 بجے ہوگی‘ جیسنڈا آرڈرن نے کہا کہ قومی دعائیہ تقریب متاثرین سے یکجہتی کا ایک اور موقع ہوگا۔ بتائیں گے نیوزی لینڈ کے عوام ہمدرد اور مل جل کر رہنے والے ہیں‘ دہشت گرد حملے کے بعد سے ہمارے ملک میں دکھ اور ہمدردی کی کیفیت ہے۔ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے اسلام قبول کرنے کی دعوت دینے والے مسلم نوجوان کو کہا کہ اسلام انسانیت کا درس دیتا ہے،میرا خیال ہے میں نے وہی کیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن سے ایک مسلمان نوجوان نے ملاقات کی اور مسلمانوں کی دلجوئی پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسلام قبول کرنے کی دعوت ہے ۔ مسلم نوجوان نے کہا کہ آپ نے جس طرح زخم خوردہ مسلمانوں کی دلجوئی کی اور ان کا خیال رکھا، یہ دنیا کے دیگر قائدین کے لیے نمونہ عمل ہونا چاہیے۔نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں پیش آنے والے اندوہناک سانحہ میں شہید ہونے والے اردن کے شہری کی ماں بیٹے کی جدائی کا غم برداشت نہ کرسکیں اور دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق 38 سالہ کامل درویش کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے ان کی 64 سالہ والدہ نیوزی لینڈ پہنچی تھیں لیکن نماز جنازہ سے قبل ہی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئیں۔اردن کے سفارتخانے نے مساجد حملے میں شہید ہونے والے فلسطینی نژاد اردنی شہری کامل درویش کی والدہ کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔کامل درویش کی والدہ کی میت کو اردن منتقل کرنے کے انتظامات کیے جارہے ہیں۔ کامل درویش چھ ماہ قبل ہی نیوزی لینڈ آئے تھے۔ اردن میں ان کے تین بیٹے اور بیوہ موجود ہیں۔ڈیری فارمنگ کے شعبے سے وابستہ کامل درویش اپنے بھائی کے ساتھ کام کرنے کے ارادے سے نیوزی لینڈ منتقل ہوئے تھے۔ ادھر شہدا کے ورثا کی کفالت اور مدد کیلئے نیوزی لینڈ میں 7.4 ملین ڈالر عطیہ کیا گیا، نیوزی لینڈ میں عوام کے پولیس سے زیادہ آتشیں اسلحہ سے لیس ہونے کا انکشاف ہوا ہے، 16 برس کی عمر میں اسلحہ لائسنس اہل قرار دیدیا جاتا ہے۔