نوازشریف کی رپورٹ نارمل، ڈاکٹروں نے پانی زیادہ پینے، گوشت انڈوں سے روکا: شہبازگل
لاہور (نیوز رپورٹر) ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب شہباز گل نے کہا ہے کہ میاں صاحب کی ٹیسٹ رپورٹ نارمل ہے، جناح ہسپتال کے سینئر یورالوجسٹ ڈاکٹر نوید اقبال نے نواز شریف کا جیل میں معائنہ کیا۔ سابق وزیر اعظم کو پانی زیادہ پینے کا مشورہ دیا ہے جبکہ گوشت اور انڈے کم کھانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ شہباز گل ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ مریم نواز دو روز تک والد کی بیماری پر پراپیگنڈا کرتی رہی ہیں۔ عوام کو گمراہ کرنا بند کردیں، ترجمان وزیراعلیٰ نے نواز شریف کے گردوں کی ٹیسٹ رپورٹ بھی جاری کر دی ہے۔ دوسری جانب لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ پرائیویٹ لیبارٹری کی ویب سائٹ ہیک کر کے نواز شریف کی ٹیسٹ رپورٹوں کو بدلنے کی کوشش کی گئی ہے۔ نواز شریف کو گردوں کی بیماری پرانی ہے اور ذبیاطیس کی وجہ سے گردے مزید متاثر ہو رہے ہیں۔ نواز شریف آمادہ ہوئے تو ہم انہیں ہسپتال داخل کروانے کو تیار ہیں۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ نواز شریف کو گردوں کا عارضہ نیا نہیں، بہت وقت سے ان کی سیریم کریٹنن کی رپورٹ ٹھیک نہیں آ رہی۔ انہیں گردے میں پتھری بھی ہے، شوگر کا مرض بھی لاحق ہے جس کی وجہ سے ان کے گردے مزید متاثر ہوئے ہیں۔یاسمین راشد نے کہا کہ نوازشریف کے جو تازہ میڈیکل ٹیسٹ ہوئے ہیں ان کی رپورٹس ابھی انہوں نے نہیں دیکھیں، رپورٹس دیکھنے کے بعد ہی کچھ کہا جا سکتا ہے کہ ان کا علاج جیل میں ممکن ہے کہ انہیں ہسپتال میں منتقل کیا جائے۔