• news

وزیراعلیٰ بلوچستان کا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیلئے 11 ملین روپے انعام کا اعلان

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان سپر لیگ فور کی فاتح ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑیوں اور ٹرافی کو ایئر پورٹ سے کوئٹہ چھانی میں پولو گرائونڈ لے جایا گیا۔پولو گرائونڈ میں وزیر اعلی بلوچستان جام کمال کی جانب سے ٹیم کے کھلاڑیوں کے اعزاز میں استقبالیے اہتمام کیا گیا تھا۔اس موقع پر یوم پاکستان اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جیت کی خوشی میں آتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا گیا جبکہ گل پانڑہ اور دیگر گلوکاروں نے نغمے بھی پیش کیے۔وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہا کہ ہماے نوجوان کھلاڑیوں میں بہت ٹیلنٹ ہے اور اگر انھیں آگے بڑھنے کے مواقع ملیں تو وہ اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکتے ہیں۔وزیر اعلی نے اس توقع کا اظہار کیا کہ آئندہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں بلوچستان کے کھلاڑیوں کی مزید نمائندگی ہو گی۔جام کمال خان نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر کی جانب سے کوئٹہ میں کرکٹ اکیڈمی کے قیام کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے صوبائی حکومت کی جانب سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔وزیر اعلی نے اس موقع پر صوبائی حکومت کی جانب سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کے لیے گیارہ ملین روپے کی انعامی رقم کا چیک ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو پیش کیا۔ سرفراز احمد نے کہا کہ وہ کوئٹہ کے شہریوں کیساتھ جیت کی خوشی منانے آئے ہیں۔انھوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان سپر لیگ کے آئندہ میچ ملک کے ہر شہر میں کھیلے جائیں گے۔ پاکستان سپر لیگ اپنے ملک میں کھیلنے کا مزہ ہی الگ ہے۔ یہ ان کا خواب تھا کہ وہ پاکستان سپر لیگ کی ٹرافی جیت کر کوئٹہ آئیں آج وہ خواب پورا ہو گیا۔

ای پیپر-دی نیشن