مثالی قیادت پر شکریہ’’کاش دنیا آپ سے سیکھے‘‘ شہباز شریف کا وزیزاعظم نیوزی لینڈ کو خط
لاہور (صباح نیوز، نوائے وقت رپورٹ) شہباز شریف نے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسینڈا آرڈرن کو خط لکھ دیا ہے جس میں کہا گیاہے کہ آپ کی قیادت میں نیوزی لینڈ کے عوام نے متاثرین کے لئے ایثار و محبت، جذبے اور ہمدردی کی غیر معمولی انسانی عظمت کا مظاہرہ کیا ، آپ نے دہشت گرد حملے کی مذمت کر کے دنیا پر عیاں کیا کہ دہشت گردی کا مذہب سے تعلق نہیں، جمعہ کی اذان نشر کر کے اجنبیوں سے نفرت کے رویہ کو مسترد کیا، آپ کی قیادت میں نیوزی لینڈ نے عدم برداشت کے خلاف متحد ہونے کا پیغام دیا، آپ کے نیک طرز عمل اور قائدانہ جرات کو انسانی تاریخ موڑنے کے اقدام کے طور پر صدیوں یاد رکھا جائے گا، کاش دنیا کے دیگر رہنما بھی آپ کے طرز عمل سے سیکھیں۔ پاکستانی شہدا کی میتوں کی جلد وطن واپسی کے لئے اقدامات پر ذاتی حیثیت میں مادام وزیراعظم آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں، جراتمندانہ، مثالی اور بہادرانہ قیادت پر آپ کی تحسین اور شکریہ ادا کرتے ہیں، آپ نے ایک ایسے موقع پر یہ روشن طرز عمل اپنایا جب دنیا میں نفرت اور دیگر ممالک کے عوام سے بیزاری پھیلائی جا رہی ہے، ہم دعا گو ہیں کہ آپ اسی جذبے اور قوت سے حکومت کرتی رہیں، ہم آپ کی قیادت میں نیوزی لینڈ کے لئے نیک تمناوں اور خیرسگالی کے جذبات پیش کرتے ہیں۔ دوسری جانب شہبازشریف نے لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالات کتنے ہی مشکل کیوں نہ ہوں، زندگی میں ہمت نہیں ہارنی چاہئے۔ آئزم سے متاثرہ بچے معاشرے کا اہم حصہ بن سکتے ہیں۔ میری بیٹی عائشہ آئزم سے متاثرہ بچوں کا سکول چلا رہی ہیں۔ نوازشریف کی صحت تشویشناک ہے۔ اللہ تعالیٰ نوازشریف کو صحت دے۔شہباز شریف نے کہا ہے کہ معاشرے کا ہر بچہ ملت کے مقدر کا ستارہ بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ بچوں کی صلاحیتوں کا درست تجزیہ کرتے ہوئے انہیں آگے بڑھنے کے بہترین مواقع فراہم کئے جائیں۔ اس موقع پر آنزم سکول کی بانی اور قائد حزب اختلاف کی صاحبزادی محترمہ عائشہ بھی موجود تھیں۔ شہباز شریف نے محترمہ عائشہ کی کاوش اور سکول کے معیار کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے یہاں بچوں کی بنائی ہوئی تصاویر دیکھی ہیں۔ بچوں کی فنکارانہ صلاحیتیں دیکھ کر وہ بے حد متاثر ہوئے ہیں۔