امریکہ میں سفید فام دہشت گرد نے مسجد کو آگ لگا دی، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا
واشنگٹن (نوائے وقت نیوز) امریکہ میں بھی نسل پرست سفید فام نے دہشت گردی کرتے ہوئے مسجد کو آگ لگا دی اور فرار ہو گیا۔ نمازیوں نے فوراً آگ بجھا دی جس کے باعث کوئی نقصان نہیں ہوا۔ نجی ٹی وی چینل کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر ایکسن ڈیڈو میں واقع مسجد کو نامعلوم شخص نے آگ لگا دی۔ مسجد میں موجود افراد نے فوراً اقدامات کرتے ہوئے آگ بجھائی۔ آگ رات سوا 3 بجے لگائی گئی۔ حملے سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا‘ لیکن مسجد کا بیرونی حصہ خراب ہو گیا۔ دہشت گردی کا ملزم فرار ہو گیا۔ملزم نے سفید فام نسل پرستی اور نیوزی لینڈ حملے سے متعلق نوٹ چھوڑا ہے۔ پولیس نے ملزم کو پکڑنے کیلئے اس کی تلاش شروع کر دی ہے۔پولیس نے واقعہ کی تحقیقات تعصب اور آتشزدگی کے جرائم کے طور پر شروع کر دی ہے ، سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے مفرور ملزم کو گرفتار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہیں، حملہ آور نے مسجد کے باہر ایک نوٹ بھی چھوڑا ہے جس میں کرائسٹ چرچ مساجد پر حملوں کا حوالہ دیا گیا ہے۔ پولیس نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسلمانوں کو الرٹ رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس اپنے شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے ہر اقدام اٹھائے گی، لیکن مسلمان شہریوں کو موجودہ صورتحال میں احتیاط کو ہر صورت ملحوظ خاطر رکھنا ہوگا۔