• news

ورلڈ کپ سے قبل کرکٹ ٹیم کو تباہ کیا جا رہا ہے: وزیراعظم نوٹس لیں: سرفراز نواز

لاہور(حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) ٹیسٹ فاسٹ باؤلر سرفراز نواز کا کہنا ہے کہ عالمی کپ سے پہلے قومی ٹیم کو تباہ کیا جا رہا ہے، پہلے دو ون ڈے میچوں میں ناکامی کے اور یکطرفہ مقابلوں کے بعد لگ رہا ہے کہ آسٹریلیا پانچ صفر سے سیریز جیت جائے گا۔سینئر اور اچھی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو آرام کے نام پر باہر بٹھا دیا گیا ہے۔ جنہیں آرام دیا گیا ہے وہ سارے پاکستان سپر لیگ کے دوران ایکشن میں تھے۔ ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ کھیل کر کون سی تھکاوٹ ہوتی ہے۔ موجودہ دور میں ساری ٹیمیں مسلسل کرکٹ کھیل رہی ہیں کون سا ملک اپنے ٹاپ کرکٹرز کو ایسے آرام کرواتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لندن سے نوائے وقت کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب احسان مانی کی نالائقی کی وجہ سے ہو رہا ہے۔ کامیاب کرکٹرز کو باہر بٹھا دی گیا ہے جسے کپتان بنایا گیا ہے اسکا ماضی مشکوک ہے اسے کچھ سمجھ نہیں آ رہی، ہم نے تیز ترین گیند باز کو لے کر گئے اسے نیا گیند دینے کے بجائے چینج پر باؤلنگ کروائی۔ یہ سب نظام کی خرابی کی وجہ سے ہو رہا ہے۔کیا ایسے عالمی کپ کی تیاری ہو گی۔ بنی بنائی ٹیم کو خراب کیا جا رہا ہے۔ کیا آسٹریلیا نے اپنے بہترین کرکٹرز کو باہر بٹھایا ہے،، کیا دیگر ٹیمیں اپنے ٹاپ کرکٹرز کے بغیر عالمی کپ کی تیاریاں کر رہی ہیں۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان کو نوٹس لینا ہو گا کہ احسان مانی پاکستان کرکٹ بورڈ میں کیا کر رہے ہیں ایک طرف وزیراعظم نے پنجاب اسمبلی کے اراکین کی تنخواہوں میں اضافے کو رکوانے میں اپنا کردار ادا کیا ہے تو دوسری طرف احسان مانی نے لگ بھگ پچاس لاکھ ماہانہ پر تین نئے افسران کو رکھ لیا ہے، کیا یہ دوہرا معیار نہیں ہے۔ وہ سب کام جو اکیلے نجم سیٹھی کر رہے تھے اب وہی کام مختلف افراد ماہانہ لاکھوں روپے لیکر کر رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان جانتے ہیں کہ جب انہوں نے عالمی کپ جیتا تھا کرکٹ بورڈ میں کتنے لوگ کام کرتے تھے اب یہ افسران بھرتی کیے جا رہے ہیں حالانکہ یہ کھیل میدان کا ہے۔ ہمیں اچھے کرکٹرز تیار کرنے کی ضرورت ہے لاکھوں ماہانہ تنخواہوں پر افسران بھرتی کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔

ای پیپر-دی نیشن