• news

ورلڈ کپ2019،برائن لارا فائنل میں پاکستان بھارت ٹاکرا دیکھنے کے خواہاں

لاہور(سپورٹس رپورٹر +نمائندہ سپورٹس)ویسٹ انڈیز کے بیٹنگ لیجنڈ برائن لارا ورلڈ کپ 2019کا فائنل میچ پاکستان اور بھارت کے درمیان دیکھنے کے خواہاں ہیں۔ایک انٹرویو کے دوران ورلڈ کپ 2019سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کی پچز کو دیکھتے ہوئے کسی ایک ٹیم کو ایونٹ جیتنے کے لئے فیورٹ قرار دینا تھوڑا مشکل ہے تاہم بھارت اور پاکستان کو میں اس ٹورنامنٹ میں فیورٹ قرار دوں گا۔انہوں نے کہا کہ دونوں روایتی حریفوں کے مابین میچ میں شائقین کا جوش و جذبہ دیکھنے کے قابل ہوتا ہے، پاکستان ایک ایسی ٹیم ہے جو بڑے سے بڑا میچ جیتنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور اکثر جیتا ہوا میچ بھی ہار جاتی ہے۔برائن لارا نے کہا کہ میں چیمپئنز ٹرافی 2017کے فائنل میچ والا جوش و خروش دوبارہ دیکھنا چاہتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ انگلینڈ میں ہونے والے ورلڈ کپ میچز کا اصل دارومدا ر وہاں کے موسم پر ہوتا ہے، وہاں کب کیسا موسم ہو گا یہ کوئی کہہ نہیں سکتا۔ان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ اپنے ہوم گراو نڈ میں ایک مشکل حریف ثابت ہو سکتی ہے تاہم ہم نے پہلے بھی دیکھا ہے کہ وہ کئی موقعوں پر آسان میچز بھی ہاری ہے۔انہوں نے کہا کہ ویرات کوہلی کی کپتانی میں بھارتی ٹیم ایک منفرد ٹیم بن کر ابھری ہے، یہ ٹیم اب بھارت کے علاوہ دوسرے ممالک میں بھی میچز جیت رہی ہے۔برائن لارا نے ویسٹ انڈیز کی ورلڈ کپ میں ایک اچھی کارکردگی دکھانے کی امید کی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن