• news

یورپی رہنمائوں کی ملاقات، پلوامہ واقعہ کے بعد کشمیر میں بھارتی مظالم بڑھے: شاہ محمود

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) ممبر یورپین پارلیمنٹ واجد خان اور پاک یورپین یونین فرینڈشپ فیڈریشن کے چیئرمین پرویز لوسر نے گزشتہ روز وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ دفتر خارجہ کے مطابق ان ملاقاتوں کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں مہمانوں نے، یورپین پارلیمنٹ کی ہیومن رائٹس کمیٹی میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں سے متعلقہ سماعت کی تفصیلات سے وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے نہتے کشمیریوں پر جاری سنگین مظالم کو یورپین پارلیمنٹ میں اٹھانے پر واجد خان کا بالخصوص اور کشمیری تارکین وطن کا بالعموم شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی ناگفتہ بہ صورتحال پر ہیومن رائٹس کمیشن اور آل پارٹیز پارلیمانی گروپ کی چشم کشا رپورٹس نے عالمی ضمیر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ ان رپورٹس کے مطالعہ سے پاکستان کے مؤقف کی تائید ہوتی ہے۔ پلوامہ واقعہ کے بعد مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہا رکیا کہ پاکستان، مقبوضہ جموں و کشمیر کے نہتے باسیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف ہر سطح پر آواز بلند کرتا رہے گا ۔ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سے ملاقات یورپین پارلیمنٹ میں منعقدہ مقبوضہ جموں و کشمیر کانفرنس کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ علاوہ ازیں پاکستان میں تعینات کیوبا کے سفیر گیبریل ٹیل کیپوٹے نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے مہمان سفیر سے کہا کہ سماجی و اقتصادی ترقی ہماری حکومت کا ترجیحی ایجنڈا ہے ۔پاکستان اور کیوبا کے مابین صحت تعلیم اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کے خواہاں ہیں ۔فریقین نے پاکستان اور کیوبا کے مابین پارلیمانی وفود کے تبادلوں پر بھی اتفاق کیا۔کیوبن سفیر نے ہیلتھ کیئر سمیت دیگر باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کیلئے اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔

ای پیپر-دی نیشن